پی آئی اے کا سعودی عرب کے لیے ٹکٹس میں 40 فیصد تک کمی کا اعلان
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے ٹکٹس میں 40 فیصد تک نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ یہ رعایت فوری طور پر 5 مئی 2026 سے نافذ العمل ہو چکی ہے اور اس کا اطلاق خاص طور پر پاکستان سے ریاض اور دمام جانے والی پروازوں پر ہو گا۔
یاد رہے کہ یہ دونوں روٹس پاکستانی مسافروں کے لیے انتہائی مصروف سمجھے جاتے ہیں کیونکہ بڑی تعداد میں محنت کش، کاروباری افراد اور خاندان سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد بڑھتے ہوئے فضائی کرایوں کے بوجھ کو کم کرنا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
پی آئی اے اب بھی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں کے لیے ایک اہم ذریعہ ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو حج، عمرہ یا روزگار کے سلسلے میں سفر کرتے ہیں۔
پروازوں کے شیڈول کے حوالے سے پی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے ریاض اور دمام کے لیے ہفتہ وار متعدد پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔
ان پروازوں میں زیادہ تر براہ راست فلائٹس شامل ہیں، جس سے مسافروں کا سفر مختصر اور آسان ہو جاتا ہے۔
ایئر لائن ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر ٹکٹ کی بکنگ پہلے سے کر لیں کیونکہ رعایتی کرایوں کے باعث سیٹیں جلد بھرنے کا امکان ہے۔ ٹکٹ پی آئی اے کی آفیشل ویب سائٹ، کال سینٹر اور مجاز ٹریول ایجنٹس کے ذریعے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
پی آئی اے کی جانب سے کرایوں میں کمی کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں نسبتاً مستحکم ہیں اور کچھ روٹس پر مسابقت بڑھ رہی ہے۔
خلیجی ایئرلائنز پاکستانی مارکیٹ میں بھرپور انداز میں کام کر رہی ہیں، جس کے باعث قومی ایئرلائن پر بھی دباؤ ہے کہ وہ مسافروں کو بہتر سہولیات اور کم قیمتیں فراہم کرے۔
یہی وجہ ہے کہ پی آئی اے نے یہ رعایت دے کر نہ صرف اپنی مسابقت بڑھانے کی کوشش کی ہے بلکہ مسافروں کا اعتماد بھی بحال کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد ورکرز پر مشتمل ہے جو ہر سال چھٹیوں یا معاہدوں کی تجدید کے لیے پاکستان آتے جاتے رہتے ہیں۔
اس کے علاوہ عمرہ زائرین اور کاروباری افراد بھی ان روٹس پر سفر کرتے ہیں، جس کے باعث ریاض اور دمام کے روٹس ہمیشہ مصروف رہتے ہیں۔
کرایوں میں 40 فیصد تک کمی ان مسافروں کے لیے ایک بڑا ریلیف سمجھی جا رہی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مہنگائی کے باعث سفری اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ایوی ایشن امور کے ماہر راجہ کامران نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز جو سعودی عرب کے لیے کے آپریٹ کرتی ہیں عام طور پر حج سیزن میں اپنے ٹکٹس میں کمی کرتی ہیں یا دیگر آفرز متعارف کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حج کے موقع پر سعودی عرب جانے والے مسافروں کی تعداد حج آپریشنز مکمل ہونے کے بعد کم ہوجاتی ہے اور معمول کے شیڈول کے حساب سے فلائیٹس آپریٹ کر رہی ہوتی ہیں، جن میں مسافروں کی گنجائش زیادہ ہوتی ہے، ایسے میں ایئر لائنز مختلف آفرز کے ذریعے مسافروں کو اپنی طرف لانے کے لیے مختلف آفرز پیش کرتی ہیں۔