Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اپنا گھر پروگرام‘: کن افراد کو ایک کروڑ روپے تک قرض مل سکتا ہے؟

اپنا گھر سکیم کے تحت ایک شہری 25 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کا قرض حاصل کرنے کا اہل ہوگا (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کی وفاقی حکومت نے ’اپنا گھر اپنا پاکستان‘ سکیم کے تحت شہریوں کو گھر کی تعمیر کے لیے قرض فراہم کرنے کے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں نہ صرف پاکستان میں مقیم شہری درخواست دے سکتے ہیں بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کو بھی باقاعدہ طور پر اس سکیم کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
 قرض کتنا ملے گا اور کتنے گھر تعمیر ہوں گے؟
وفاقی حکومت نے ’وزیراعظم اپنا گھر پروگرام 2026‘ کے تحت بے گھر افراد اور متوسط طبقے کے لیے مجموعی طور پر پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت کم آمدنی والے طبقے کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے بینکوں کے تعاون سے اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
سکیم کی تفصیلات کے مطابق ایک شہری اپنی ضرورت اور مالی استطاعت کے مطابق 25 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کا قرض حاصل کر سکے گا۔
 قرض پر سود کی شرح کتنی ہو گی؟
وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ’اپنا گھر پروگرام‘ کے تحت حاصل کیے گئے قرضوں پر پہلے 10 برس کے لیے سود کی شرح 5 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
تاہم ابتدائی 10 برس مکمل ہونے کے بعد بقیہ مدت کے لیے سود کی شرح اُس وقت کے مارکیٹ ریٹ کے مطابق ایڈجسٹ کی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق حکومت اُس وقت کی معاشی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے مارک اَپ کی نئی شرح مقرر کرے گی تاکہ قرض کی واپسی کا تسلسل برقرار رہ سکے۔
علاوہ ازیں قرض کی واپسی کے لیے 20 برس کی طویل مدت مقرر کی گئی ہے تاکہ شہری آسانی کے ساتھ اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کر سکیں۔
 اوورسیز پاکستانیوں کی شمولیت اور طریقۂ کار
ابتدائی طور پر اس حکومتی سکیم میں سمندر پار پاکستانیوں کو شامل نہیں کیا گیا تھا، تاہم اقتصادی رابطہ کمیٹی کے حالیہ فیصلے کے بعد اوورسیز پاکستانی بھی اپنے نائیکوپ اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے اس سکیم میں شامل ہو سکتے ہیں۔
درخواست دینے کا طریقۂ کار مکمل طور پر سادہ اور ڈیجیٹل رکھا گیا ہے۔ مقامی اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی آفیشل پورٹل [apnaghar.gov.pk] پر آن لائن درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ حکومتی حکام کے مطابق تمام دستاویزی کارروائی مکمل ہونے کے بعد درخواست کی منظوری کا عمل 30 دن کے اندر مکمل کیا جائے گا۔

متوسط طبقے کے لیے مجموعی طور پر پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

’وزیراعظم اپنا گھر پروگرام 2026‘ کے تحت اہلیت کا دائرہ کار وسیع رکھا گیا ہے، جس میں سرکاری ملازمین کے ساتھ نجی اداروں کے ملازمین، کاروباری افراد اور فری لانسرز بھی درخواست دے سکتے ہیں۔
حکومت کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق نجی شعبے سے وابستہ افراد اپنی سیلری سلپ یا گزشتہ چھ ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ کی بنیاد پر درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ کاروباری حضرات اور فری لانسرز ٹیکس ریٹرن یا بینک ٹرانزیکشنز کو آمدنی کے ثبوت کے طور پر پیش کر کے اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے بینکوں کو خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ مخصوص طبقوں تک محدود رہنے کے بجائے ہر اُس شہری کو قرض فراہم کریں جو قسط ادا کرنے کی استطاعت رکھتا ہو۔
 ’سکیم کتنی کامیاب ہو گی، یہ وقت بتائے گا‘
ماہرین کے مطابق ماضی کی حکومتوں نے بھی ایسی سکیموں کا اعلان کیا تھا، تاہم ناقص حکمت عملی اور زمینی حقائق کے باعث ان پر مکمل عملدرآمد نہ ہو سکا۔
لہٰذا موجودہ حکومت کے لیے ضروری ہے کہ وہ مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے چار سالہ ہدف کے اندر گھروں کی تعمیر مکمل کرے اور سود کی شرح کو کم سے کم رکھنے کی کوشش کرے۔
 

شیئر: