جدہ پورٹ پر بڑی مقدار میں کوکین سمگل کرنے کی کوشش ناکام
جدہ پورٹ پر بڑی مقدار میں کوکین سمگل کرنے کی کوشش ناکام
جمعہ 8 مئی 2026 20:38
پیکٹس کو کنٹینر کے ایئرکنڈیشنگ یونٹ میں چھپایا گیا تھا (فوٹو، ایس پی اے)
محکمہ کسٹم نے جدہ اسلامک پورٹ پر 8.4 کلو گرام کوکین سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ نشہ آور خطرناک پاوڈر بیرون ملک سے کنٹینر کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق زکوۃ ، ٹیکس اینڈ کسٹم ’زاتکا‘ کے ترجمان حمود الحربی نے بتایا کہ جدہ پورٹ پر متعین کسٹم اہلکاروں نے ایک کنٹینر کا تفصیلی معائنہ کیا تو اس کے ایئرکنڈیشنگ یونٹ میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائے گئے نشہ آور پاوڈر کے پیکٹس برآمد ہوئے۔
الحربی کا مزید کہنا تھا کہ برآمد ہونے والے پاوڈر کا لیبارٹری چیک اپ کرانے پر یہ ثابت ہوا کہ پیکٹس میں ’کوکین‘ تھی جس کا وزن ساڑھے 8 کلو گرام کے قریب تھا۔
برآمد ہونے والی کوکین کا وزن ساڑھے 8 کلو کے قریب ہے(فوٹو، ایس پی اے)
زاتکا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مملکت کے تمام کسٹم چیک پوسٹوں پر موجود اہلکار انتہائی پیشہ ور ہیں جن کی نظروں سے کسی قسم کی غیرقانونی چیز پوشیدہ نہیں رہ سکتی۔
محکمہ کسٹم نے برآمد ہونے والی کوکین کو انسداد منشیات کے ادارے کے حوالے کردیا جہاں ملزمان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔