’مفت بجلی، خواتین کا تحفظ اور انصاف‘، اداکار وجے کے وزیراعلیٰ بنتے ہی بڑے احکامات
’مفت بجلی، خواتین کا تحفظ اور انصاف‘، اداکار وجے کے وزیراعلیٰ بنتے ہی بڑے احکامات
اتوار 10 مئی 2026 11:30
ٹی وی کے پارٹی نے 234 ارکان پر مشتمل اسمبلی میں 108 نشستیں حاصل کر کے کامیابی حاصل کی (فوٹو: اے این آئی)
انڈیا کے اداکار سی جوزف وجے نے انڈین ریاست تمل ناڈو کے وزیرِاعلٰی کے طور پر حلف اٹھانے کے فوراً بعد گھریلو صارفین کو بجلی کے 200 یونٹ مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔
ٹریبیون انڈیا کے مطابق جوزف وجے چندرشیکھر کی پارٹی ’تملگا ویٹری کژگم‘ (ٹی وی کے) اسمبلی میں اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے۔
نئے وزیراعلیٰ نے ریاست میں خواتین کے تحفظ کے لیے سپیشل فورس بنانے اور انسداد منشیات کے حکم نامے پر بھی دستخط کیے ہیں۔
حلف اٹھانے کے بعد جواہر لال نہرو اندور سٹیڈیم میں عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’حقیقی سکیورلرزم اور سماجی انصاف کے لیے پرعزم حکومت کا ایک نیا دور اب شروع ہوا ہے۔‘
انہوں نے کانگریس، وی سی کے، آئی یو ایم ایل اور بائیں بازو کی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حکومت بنانے کے لیے ان کی پارٹی کی حمایت کی۔
انہوں نے خصوصی طور پر بچوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ان کی وجہ سے ہے کہ TVK جیت گئی کیونکہ انہوں نے اپنے خاندان والوں کو اس پارٹی کو ووٹ دینے پر قائل کیا۔
ان کے مطابق ’میں کسی شاہی گھرانے سے نہیں آیا میں نے غربت اور بھوک کو قریب سے دیکھا ہے، لوگوں نے میرا مذاق اڑایا مگر آپ نے مجھے اپنے دل میں جگہ دی، جس پر میں شکرگزار ہوں۔‘
انہوں نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بالکل آپ جیسا ہوں اور آپ میں سے ہی ایک ہوں۔‘
ان کے مطابق ’میں کوئی فرشتہ نہیں بلکہ عام آدمی ہوں۔‘
جوزف وجے اپنے والد ایس اے چندراشیکھر اور والدہ سوبھا کے ساتھ (فائل فوٹو: سینیما ایکسپریس)
واضح رہے ریاستی انتخابات میں جوزف وجے کو ویدو ویدوتھلائی چیتروتھیگال کچی (وی سی کے) اورانڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) نے ٹی وی کے کی حمایت کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اتحاد کی نشستوں کی تعداد 234 رکنی اسمبلی میں 120 تک پہنچ گئیں۔
اس سے قبل انڈین نیشنل کانگریس نے بھی وجے کی حکومت کی حمایت کی تھی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کی ایک وجہ اداکار سے سیاست دان بننے والے وجے کے اپوزیشن لیڈر راہُل گاندھی کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ دونوں کی پہلی ملاقات 2009 میں دہلی میں ہوئی تھی، جہاں مبینہ طور پر راہُل گاندھی نے وجے کو یوتھ کانگریس میں شامل ہونے کی پیش کش کی تھی۔
اگرچہ وجے نے اس وقت پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی، تاہم کانگریس کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان برسوں رابطہ برقرار رہا، جس کے باعث موجودہ ٹی وی کے، کانگریس تعاون ایک فطری پیش رفت بن گیا۔ راہُل گاندھی بھی وجے کی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ پیر کو ہونے والے انتخابات میں ان کی جماعت نے 234 ارکان پر مشتمل اسمبلی میں 108 نشستیں حاصل کر کے کامیابی سمیٹی اور تمل ناڈو کی پرانی اور مضبوط سیاسی جماعت ’دراوڑ منیترا کژگم‘ کو شکست دی۔
اُن کی جماعت کے پاس حکومت بنانے کے لیے درکار واضح اکثریت سے 10 نشستیں کم تھیں۔