Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن میں عازمین کے لیے 33 ہزار سے زیادہ بسیں، 5 ہزار ٹیکسیاں

یہ اتھارٹی کے آپریشنل اور ریگولیٹری منصوبوں کا حصہ ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے حج سیزن 2026 کے دوران مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین کےلیے 33 ہزار سے زیادہ بسوں اور 5 ہزار ٹیکسیوں کی دستیابی کا اعلان کیا ہے۔
یہ اتھارٹی کے آپریشنل اور ریگولیٹری منصوبوں کا حصہ ہے تاکہ عازمین کی موومنٹ کے تمام مراحل میں ٹرانسپورٹ سروس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ 
 وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز انجینئر صالح الجاسر کا کہنا ہے’ عازمین کی خدمت کے لیے آپریشنل پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، جو عازمین کی مملکت آمد سے ان کی واپسی کے تمام مرحل پر مشتمل ہے۔‘
پریس بریفنگ میں انہوں نے بتایا ’مکہ مکرمہ میں عازمین کو رہائشی مقامات سے مسجد الحرام لا نے اور لے جانے کے لیے 3 ہزار بسوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔‘
مشاعر مقدسہ میں 5 ہزار بسیں شٹل سروس کے لیے ہیں جبکہ 2060 بسوں کو ایام تشریق کے دوران منی سے مسجد الحرام آمد ورفت کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
مشاعر مقدسہ میٹرو سروس کے ذریعے فی گھنٹہ 72 ہزار مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ’ سعودی ایئرپورٹس پر 1.5 ملین عازمین کے خیرمقدم کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔‘
بیرون ممالک سے آنے والے تمام عازمین کو پہلی مرتبہ ’بلا سامان مسافر‘ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، 3.8 ملین بیگز کو ہینڈل کیا جائے گا۔
 وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا’ مشاعر مقدسہ جانے والی شاہراہوں کا ترقیاتی کام مکمل کرلیا گیا ہے، 6500 کلو میٹر ٹریک کی مینٹینس کا کام مکمل کیا گیا ہے۔‘

 

شیئر: