جمرات کمپلیکس: جدید حج انفراسٹرکچر کی ترقی کا ایک مثالی نمونہ
یہ سہولت ایک مربوط نظام کے تحت خدمات فراہم کرتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
منٰی میں قائم جمرات، مشاعرِ مقدسہ پر انجینیئرنگ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جو عوامی نقل و حرکت کے بندوبست کا ایک مربوط نظام پیش کرتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق انجینیئرنگ کے اِس عظیم منصوبے سے عازمین حج کی بہت بڑی تعداد کے لیے جمرات کو کنکریاں مارنے میں سہولت مل رہی ہے۔
حج کے دنوں میں اس مقام پر عازمین کے کی حفاظت اور کام میں کارکردگی کے بلند ترین معیار کا خیال رکھا جاتا ہے۔
سنہ 1447 ہجری کے حج سیزن کے لیے کدانہ ڈیویلپمنٹ کمپنی، جمرات کے مقام پر دیکھ بھال کے امور اور موقع پر موجود تمام سہولتوں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
اس کا مقصد جہاں ایک طرف حجاج کرام کو فوری خدمت فراہم کرنا ہے تو دوسری جانب انفراسٹرکچر کی کارکردگی میں اضافہ کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہونا ہے۔

یہ سہولت ایک مربوط نظام کے تحت خدمات فراہم کرتی ہے جس میں لوگوں کی آسانی کے لیے 340 ایسکلیٹرز (جنھیں برقی زینہ بھی کہا جاتا ہے) اور نگرانی کے لیے 682 کیمرے بھی نصب ہیں تاکہ ہجوم کی حرکت کو ہموار اور اسے کسی طرح کے خلل یا رکاوٹ سے محفوظ رہنا یقینی بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ جمرات کے مقام پر عازمین کے لیے 228 گالف کارٹس ( چھوٹی گاڑیاں جنھیں گالف کے میدان میں سامان ڈھونے کے لیے استعمال کیا جاتاہے) بھی موجود ہیں، جو عملے کے ساتھ حجاجِ کرام کو ایک سے دوسرے مقام تک لے جانے کے لیے سائٹ پر ہمہ وقت موجود ہوتی ہیں۔
حفاظت کے پیشِ نظر، اس مقام پر آگ سے بچاؤ کا جدید ترین نظام نصب کیا گیا ہے جس میں آگ بجھانے والے 295 انجن ہیں جبکہ جلدی سے آگ کو ٹھنڈا کرنے والے 1078 چھوٹے کنستر بھی رکھے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ 3350 چھڑکاؤ کرنے والی چھوٹی مشینیں بھی جمرات کے مقام پر تیار پڑی ہوئی ہے تاکہ کسی ناخوشگوار صورت سے نمٹنے کے لیے فوری ردِ عمل ممکن ہو جائے۔
جمرات کی سہولت، مشاعرِ مقدسہ پر ایسی پیشرفت کی امتیازی علامت ہے جہاں جدید انجینیئرنگ اور مربوط کارکردگی کے ذریعے لاکھوں کی تعداد میں زائرین کی محفوظ اور بلا توقف خدمت کے پہلؤ اجاگر ہوتے ہیں۔

عازمین کی خدمت کے لیے اس طرح کے دیگر تمام اقدامات بھی مملکت کے اُس عزم کی عکاسی کرتے ہیں جس کے تحت سعودی عرب نہ صرف زائرین کا خیال رکھتا ہے بلکہ حج کے انفراسٹرکچر کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے بلا رکاوٹ کوششوں میں مصروف ہے۔
