عراقی فضائی حدود سے داخل ہونے والے تین ڈرون مار گرائے، سعودی وزرات دفاع
متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور اردن نے مملکت کو نشانہ بنانے اس حملے کی مذمت کی ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی وزارت دفاع نے کہا کہ اس نے اپنی سرزمین میں عراقی فضائی حدود سے داخل ہونے والے تین ڈرونز کو فضاء ہی میں تباہ کر دیا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے اتوار کو کہا کہ ’ملکی خودمختاری اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا جواب دینے کے لیے تمام ضروری آپریشنل اقدامات کیے جائیں گے۔‘
میجر جنرل ترکی المالکی نے مزید کہا کہ سعودی سرزمین پر موجود شہریوں اور مقیم افراد (رہائشیوں) کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھی کارروائی کی جائے گی۔
اگرچہ اپریل میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے ایران کے ساتھ تنازع کے دوران جارحانہ کارروائیوں میں بڑے پیمانے پر کمی آئی ہے لیکن اس کے باوجود عراق سے خلیجی ممالک کی طرف ڈرون داغے گئے ہیں۔
قطر نے سعودی عرب کو نشانہ بنانے کی ان کوششوں کی شدید مذمت کی ہے اور ملکی خودمختاری اور شہریوں و رہائشیوں کے تحفظ کے لیے مملکت کے تمام اقدامات کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور اردن نے بھی الگ الگ بیانات جاری کرتے ہوئے مملکت کو نشانہ بنانے والے اس ڈرون حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے بھی اس حملے کی مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب کی سلامتی اس علاقائی بلاک کی وسیع تر سلامتی کا ایک لازمی حصہ ہے۔
