Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کلین انرجی میں خدمات پر سعودی سائنسدان کے لیے گلوبل انوویشن ایوارڈ

العواد کو ماحولیاتی ٹیکنالوجی اور جدید مٹیریل ریسرچ میں کئی اقدامات کے اعتراف میں ایوارڈ دیا گیا ہے (فوٹو: لِنکڈ اِن)
کنگ عبدالعزیز سٹی فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے سعودی محقق نے کلین انرجی اور پائیداری کے حل میں خدمات کے باعث اہم انٹرنیشنل انوویشن ایوارڈ جیت لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ڈاکٹر ماجد العواد کاکسٹ میں جوائنٹ سینٹر آف ایکسیلینس فار نینومٹیریلز فار کلین انرجی ایپلی کیشنز میں ڈائریکٹر کے عہدے پر کام کرتے ہیں۔
انہیں گلوبل انوویشن انسٹیٹیوٹ کی جانب سے ڈسٹنگوئشڈ انوویٹر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ معاشرے کے لیے فائدہ مند ایجادات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔
یہ ایوارڈ انوویشن کے میدان میں دنیا کا معتبر ترین اعزاز شمار کیا جاتا ہے۔ سنہ 2025 کے ایڈیشن کے لیے 26 ممالک سے 1476 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 10 کیٹیگریوں میں 100 فاتحین کو سلیکٹ کیا گیا جبکہ 30 امیدواروں کو ڈسٹنگوئشڈ انوویٹر کیٹیگری میں شامل کیا گیا۔
العواد کو ماحولیاتی ٹیکنالوجی اور جدید مٹیریل ریسرچ میں کئی اقدامات کے اعتراف میں ایوارڈ دیا گیا ہے جس میں پیورسکائی نامی ماحولیاتی ٹیک کمپنی بھی شامل ہے جو ہوا سے پانی حاصل کرنے کی ٹیکنالوجی پر کام کرتی ہے تاکہ بنجر اور خشک علاقوں میں زراعت اور شجرکاری کو فروغ دیا جا سکے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کیمسٹری میں 2025 میں نوبل انعام یافتہ پروفیسر عمر یاغی کی نگرانی میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور مٹیریل سائنس کے باہمی ملاپ کو مضبوط کرنے کے لیے ایک خصوصی ہیکاتھون کا آغاز کیا تھا۔
ایس پی اے کے مطابق یہ اعزاز ان ریسرچرز کو دیا جاتا ہے جن کی ایجادات پچھلے دو برسوں میں خیالات سے عملی طور پر تبدیل ہوئیں اور انہوں نے معاشرے پر پائیداری کے اثرات مرتب کیے۔

یہ ایوارڈ معاشرے کے لیے فائدہ مند ایجادات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے (فوٹو: یو این ڈی پی)

العواد کہتے ہیں کہ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد توانائی میں انوویٹیو سلوشنز اور پائیداری میں مزید ترقی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے اس کامیابی کو کاکسٹ کی جانب سے تحقیق میں تعاون اور عالمی سطح پر سائنسی و تکنیکی شراکت داری کو فروغ دینے کی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔
یہ کامیابی سعودی عرب کی تحقیق، ترقی اور ایجادات کے ایکوسسٹم کو مزید مضبوط کرتی ہے جو عالمی سائنس اور ٹیکنالوجی سیکٹر میں مملکت کی موجودگی کو بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
کاکسٹ کی جانب سے ریسرچرز اور پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے آنے والی ٹیکنالوجی کے لیے تعاون مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ خاص طور پر کلین انرجی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور جدید مٹیریل ریسرچ میں تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

 

شیئر: