Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب ’نقل‘ کرنے والا کریئیٹر خود سٹوری کا ہیرو بن گیا: یوگیندر کشواہ اور ایشٹن ہال کی ملاقات وائرل

ایشٹن ہال نے دورے کے دوران بچوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی (فوٹو: یوٹیوب، سکرین گریب)
امریکی فٹنس انفلوئنسر ایشٹن ہال کا انڈیا کا دورہ سوشل میڈیا پر اس وقت عالمی سطح پر وائرل ہو گیا جب اس سفر کی سب سے بڑی کہانی انڈین کریئیٹر یوگیندر کشواہ کے گرد گھومنے لگی۔
انڈین میڈیا کے مطابق یوگیندر وہی شخصیت ہیں جنہوں نے ایشٹن ہال کے وائرل فٹنس سٹائل ’3 اے ایم روٹین‘ اور جم کلچر کو ری کریئیٹ کر کے خود کو انٹرنیٹ پر ’انڈین ایشٹن ہال‘ کے طور پر مشہور کر دیا تھا۔
یہی وائرل مماثلت بعد میں ایک حقیقی ملاقات میں بدل گئی، جب ایشٹن ہال خود انڈیا پہنچے اور یوگیندر سے ملاقات کی۔ ان کی یہ ملاقات اُترپردیش کے مختلف مقامات پر ہوئی، جہاں بڑی تعداد میں لوگ انہیں دیکھنے اور ویڈیوز بنانے کے لیے جمع ہوتے رہے۔ کئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہجوم ان کے گرد اُمڈ آیا، اور دونوں شخصیات کو مسلسل عوامی توجہ کا سامنا کرنا پڑا۔
اس پورے دورے کا سب سے بڑا اور وائرل لمحہ یوگیندر کشواہ کے لیے آیا، جب ایشٹن ہال نے انہیں ایک نئی ’مہندرا تھار راکس‘ تحفے میں دی۔ یوگیندر وہی کریئیٹر ہیں جو ایشٹن ہال کی نقل اور فٹنس ویڈیوز کے ذریعے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے، اور اسی وجہ سے انہیں یہ منفرد شناخت ملی بلکہ اس وجہ سے ان کی میمز بھی بنائی جاتی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ تحفہ اس وعدے کا حصہ تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اگر یوگیندر کی ایک ویڈیو کو دو کروڑ لائکس مل جائیں تو انہیں قریباً 50 ہزار ڈالر مالیت کی گاڑی دی جائے گی۔ اس وعدے کی تکمیل کے لیے ایشٹن ہال خود انڈیا آئے اور گاڑی کی چابیاں یوگیندر کے حوالے کیں، جس کی ویڈیوز نے انٹرنیٹ پر دُھوم مچا دی۔
ایشٹن ہال اپنے دورے کے دوران یوگیندر کے ساتھ مختلف سرگرمیوں میں شریک رہے، جن میں جم سیشنز، سٹریٹ ایکٹیویٹیز، ثقافتی دورے اور مقامی افراد سے ملاقاتیں شامل تھیں۔ ان ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر زبردست ردِعمل حاصل کیا، جہاں صارفین نے ان لمحات کو حیرت اور تفریح کے ملے جلے انداز میں دیکھا۔
دورے کا ایک اہم مرحلہ نندنی نگر شوٹنگ رینج میں پیش آیا، جہاں ایشٹن ہال کو شوٹنگ سپورٹ سے متعارف کرایا گیا۔ اس موقعے پر ان کا استقبال سابق رکنِ پارلیمنٹ اور ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سابق سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ نے کیا، جبکہ رکن پارلیمنٹ کرن بھوشن سنگھ بھی موجود تھے۔ ایشٹن ہال نے وہاں شوٹنگ کی مشق بھی کی، جسے ویڈیو کلپس میں خاصی توجہ ملی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Ashton Hall (@ashtonhall)

بعد ازاں انہیں برج بھوشن شرن سنگھ کی رہائش گاہ بھی لے جایا گیا، جہاں انہیں وسیع فارم ہاؤس کا دورہ کروایا گیا۔ وہاں انہیں اصطبل، گھوڑے، تفریحی علاقے اور ایک نجی ہیلی کاپٹر سمیت مختلف سہولیات دکھائی گئیں۔ اس دوران وہ گھڑ سواری کرتے اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیتے نظر آئے۔
اس کے علاوہ ایشٹن ہال نے بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے میں بھی حصہ لیا، جس کی ویڈیوز نے انڈیا میں خاصی مقبولیت حاصل کی۔ انہوں نے نوجوانوں کے ساتھ وقت گزارا، تصاویر بنوائیں اور کھیلوں کے حوالے سے اپنے تجربات اور فٹنس ٹپس بھی شیئر کیں۔
نندنی نگر کالج میں انہوں نے مقامی ریسلرز سے ملاقات کی، ان کی ٹریننگ دیکھی اور نوجوان کھلاڑیوں میں سپورٹس کٹس بھی تقسیم کیں۔ اس موقعے پر برج بھوشن شرن سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’ایشٹن ہال کی موجودگی اور ان کا دوستانہ رویہ طلبہ کے لیے ایک یادگار تجربہ تھا۔‘
ایشٹن ہال نے اپنی انسٹاگرام اور یوٹیوب پر بھی اس ملاقات کو شیئر کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس واقعے کو ’سوشل میڈیا کی طاقت‘ اور ’کراس کلچر وائرل کہانی‘ قرار دیا گیا۔
ایشٹن ہال کو عالمی شہرت ان کی مشہور ’3 اے ایم روٹین‘ ویڈیوز سے ملی تھی، جن میں وہ صبح تین بجے اٹھ کر انتہائی سخت ورزش، نظم و ضبط اور فٹنس لائف سٹائل دکھاتے تھے۔ یہی ویڈیوز بعد میں دنیا بھر میں وائرل ہوئیں اور لاکھوں افراد نے انہیں فالو کیا۔
اس پورے انڈیا دورے میں اگرچہ ایشٹن ہال مرکزی شخصیت تھے، لیکن اصل وائرل سٹوری کا مرکز یوگیندر کشواہ ہی رہے، جنہوں نے ایک عام کریئیٹر سے عالمی سوشل میڈیا کہانی کے مرکزی کردار تک کا سفر طے کیا۔

شیئر: