Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج ضوابط کی خلاف ورزی، کچے راستوں سے مکہ میں داخلے کی کوشش ناکام

آٹھ ترک شہریوں اور دیگر افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ( فوٹو: ایکس اکاونٹ ٹوئٹر)
سعودی سکیورٹی فورسز حج پرمٹ کے بغیر مکہ اور مقدس مقامات میں داخل ہونے سے اور وہاں قیام سے روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حج سکیورٹی فورسز نے حج ضوابط کی خلاف ورزی پر ایک یمنی شہری کو گرفتار کیا۔ بغیرحج پرمٹ ایک ہی قومیت کے تین غیرملکیوں کو کچے راستوں اور وادیوں کے ذریعے مکہ منتقل کرنے کی کوشش کی گئی۔
ایک دوسرے واقعہ میں حج سکیورٹی فورسز نے آٹھ ترک شہریوں کو حج پرمٹ کے بغیر کچے راستے سے مکہ میں داخل ہونے اور وہاں قیام کرنے کی کوشش کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔
قانونی کارروائی کے بعد تمام افراد کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔
وزارت نے تمام افراد پر زور دیا کہ’ وہ اس سال حج سیزن 2026 کے ضوابط پر عمل کریں۔ عازمین کی سیفٹی اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے تعاون کریں۔‘
وزارت نے انتباہ کیا کہ ’ضوابط کی خلاف ورزی پر قانونی سزاوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘
حج ضوابط کی کسی بھی خلاف ورزی کی مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور منطقہ شرقیہ کے علاقوں میں ہیلپ لائن نمبر 911 اور مملکت کے دیگر علاقوں میں ہیلپ لائن نمبر 999 پر اطلاع دی جا سکتی ہے۔

 

شیئر: