Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وقوف عرفہ: لاکھوں عازمین حج منیٰ سے میدان عرفات پہنچنے لگے

عازمین کو ٹرین اور بسوں کے ذریعے میدان عرفات منتقل کیا جا رہا ہے۔( فوٹو: الاخباریہ)
 لاکھوں عازمینِ حج  8 ذوالحجہ ’یوم الترویہ‘ وادی منیٰ میں گزارنے کے بعد وقوف عرفہ کےلیے میدان عرفات روانہ ہونا شروع ہو گئے۔
الاخباریہ کے مطابق وادی منیٰ سے عازمین کی میدان عرفات منتقلی کا عمل پیر 8 ذو الحجہ کی شب سے شروع کر دیا گیا تھا۔
 وقوف عرفہ کے لیے عازمین حج کو مشاعر مقدسہ ٹرین اور بسوں کے ذریعے میدان عرفات منتقل کیا جا رہا ہے۔
وزارتِ حج کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں عازمین کی موومنٹ کو منظم رکھنے کے لیے تمام حج مشنز کو شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کا مقصد ازدحام کو کنٹرول کرنا اور نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔
عازمین حج منگل کو سارا دن میدان عرفات میں گزاریں گے جہاں وہ ’قصر و جمع‘ کی صورت میں ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے بعد ازاں غروب آفتاب سے چند لمحات قبل میدان عرفات سے رخصت ہوجائیں گے۔
حجاج، مزدلفہ میں رات بسر کریں گے، رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے، فجر یا اس سے قبل وادی منی پہنچ کر رمی کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق 1.6 ملین سے زیادہ عازمین نے پیر کو منی میں پورا دن گزارا۔ بیرون مملکت سے آنے والے عازمین کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار 153 تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 0.8 فیصد زیادہ ہے۔
سعودی وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے منگل کو منی میں پبلک سکیورٹی ہیڈ کوارٹر میں حج سکیورٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں ورک فلو کا معائنہ کیا۔
انہوں نے سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ پلان پر عملدرآمد کی نگرانی کے ساتھ عازمین حج کی میدان عرفات منتقلی کے تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔
اس سے قبل سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈیئر طلال شلھوب نے بتایا تھا کہ’ عازمین حج کی منیٰ منتقلی کا عمل انتہائی منظم انداز میں مکمل ہو گیا۔ یوم ترویہ کے بعد وقوف عرفہ کے لیے روانگی شیڈول کے مطابق ہوگی۔‘
’سکیورٹی امور مقررہ حکمت عملی کے مطابق کامیابی سے جاری ہیں، تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ عازمین کی امن و سلامتی کے امور کو یقینی بنانے کے لیے بھر پور انداز میں کام کر رہے ہیں۔‘

شیئر: