رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ سے ملاقات
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ سے مکہ میں ملاقات کی ہے جس میں اسلامی دنیا کو درپیش امور اور علاقائی صورتحال سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی رابطہ عالم اسلامی کے ہیڈکوارٹر آمد پر سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ان کا خیر مقدم کیا اور حج کی ادائیگی پر مبارکباد بھی دی۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے اسلامی شعور و بیداری کے فروغ کے لیے رابطہ عالم اسلامی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کے اتحاد اور مثبت تشخص کے لیے ادارے کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے رواں برس حج کے موقع پر سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کرام کے لیے کیے گئے انتظامات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ سعودی حکومت نے زائرین کی سہولت، سکیورٹی اور دیکھ بھال کے لیے شاندار اقدامات کیے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب تاریخی، مذہبی اور برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور پاکستانی عوام سعودی قیادت کے لیے خصوصی احترام اور محبت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت کی جانب سے حجاج کرام کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
اس موقع پر شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے بھی پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
