سعودی عرب نے نئے عمرہ سیزن کے لیے ویزوں کا اجرا شروع کر دیا
زائرین پیر سے نسک ایپلی کیشن کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کرسکیں گے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے نئے عمرہ سیزن کے لیے اتوار 31 مئی 2026 بمطابق 14 ذو الحجہ سے عمرہ ویزے کا اجرا اور زائرین کے مملکت میں داخلے کا آغاز کر دیا۔
عمرہ زائرین پیر یکم جون 2026 سے نسک ایپلی کیشن کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کرسکیں گے اور مکہ میں داخل ہو سکیں گے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے گزشتہ ماہ جاری کیے جانے والے عمرہ سیزن کیلنڈر کے مطابق عمرہ ویزوں کے اجرا کی آخری تاریخ یکم شوال، 9 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے جبکہ عمرہ زائرین کے مملکت میں داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال، 23 مارچ 2027 ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت نے مزید بتایا کہ’ 30 شوال،7 اپریل 2027 عمرہ زائرین کی روانگی کی آخری تاریخ ہوگی۔‘
ان کوششوں کا مقصد آپریشنل کارکردگی کو بڑھانا اور عمرہ زائرین کو بہترین تجربہ فراہم کرنا ہے۔
وزارت نے عمرہ کپمنیوں اور بیرون ملک ایجنٹس پر زور دیا کہ وہ منظور شدہ شیڈول کی پابندی کریں۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ تمام ضوابط اور ہدایات پر عمل کریں تاکہ پورے سیزن کے دوران اعلی معیار کی خدمات کو یقینی بنایا جا سکے۔
