مدینہ منورہ میں سکاوٹس حجاج کی کیسے مدد کر رہے ہیں؟
سکاوٹس ٹیموں نے حج پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت سپورٹس کی سکاوٹس ٹیموں نے مدینہ منورہ میں حج پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا، جو 11 جون تک جاری رہے گا۔
ایس پی اے کے مطابق اس مرحلے کے دوران سکاوٹس، حجاج اور عمرہ زائرین کی مدد کے لیے فرائض انجام دیں گے، زیادہ ٹریفک والے مقامات پر رہنمائی اور تنظیم میں مدد کریں گے، جو ایک ہموار اور محفوظ تجربے کا حصہ ہے۔
حج پروگرام کا پہلا مرحلہ جو مقدس مقامات پر وزارت حج وعمرہ کے تعاون سے مکمل کیا گیا، کراوڈ منیجمنٹ، رہنمائی اور عازمین کی مدد میں معاون ثابت ہوا۔
اس میں 28 سکاوٹس ٹیمیں اور 801 ارکان شامل تھے، ان میں نگراں، کو آرڈینیٹر اور سپروائزر شامل ہیں، جنہیں فیلڈ اور سپروائزی ٹاسک تفویض کیے گئے تھے۔

سکاوٹس ٹیموں نے منی میں 614 اور عرفات میں 133 کیمپوں میں خدمات انجام دیں، جس سے حجاج کی موومنٹ اور روانگی کے آپریشنز کو منظم کرنے اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔
یہ پروگرام، وزارت سپورٹس کے رضاکارانہ اور سکاوٹنگ کے کام کے عزم، قومی اور انسانی انیشیٹوز میں اس کے تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔

یاد رہے حج آپریشنز کےلیے کام کرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 4 لاکھ 20 ہزار 70 ہوگئی، والینٹیئرز کی تعداد 26 ہزار 701 رہی۔ محکمہ شماریات نے یہ اعداد وشمار وزارت داخلہ کے انتظامی ریکارڈ کی مدد سے جاری کیے ہیں۔
