Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دن میں بڑھتی گرمی، سمارٹ لاک ڈاؤن میں کیا تبدیلی کی گئی ہے؟

تمام دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مال، بازار، ڈیپارٹمنٹل سٹور، کریانہ سٹور رات نو بجے بند ہوں گے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں وفاقی حکومت نے ’توانائی بچت مہم‘ کے تحت سمارٹ لاک ڈاؤن کے اوقات کار میں تبدیلی کی ہے اور اب مارکیٹس رات نو بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی۔ 
بدھ کو وفاقی حکومت نے ملک بھر میں مارکیٹس کی بندش کے اوقات کار میں تبدیلی کی اجازت دی ہے جس کے تحت شادی ہال اور مارکیز رات 10 بجے جبکہ ریسٹورنٹس رات 11 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ 
نوٹیفکیشن میں کچھ مقامات کو پابندیوں سے مستثنیٰ بھی قرار دیا گیا ہے جن میں میڈیکل سٹورز، پیٹرول پمپس، سی این جی سٹیشنز، دودھ دہی کی دکانیں، جم، کھیلوں کی سرگرمیاں شامل ہیں۔
تاہم تمام دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مال، بازار، ڈیپارٹمنٹل سٹور، کریانہ سٹور رات نو بجے بند ہوں گے۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن کا نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ دن کے اوقات میں بڑھتے درجہ حرارت کے باعث کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ صوبائی حکومتوں کو بھی نئے اوقات کار اختیار کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس سے پہلے یکم جون کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ پنجاب میں ایک بار پھر ’توانائی بچت مہم‘ کے تحت سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جسے 
عیدالاضحیٰ کے قریب آنے پر تاجروں اور عام لوگوں کی جانب سے بندشیں ختم کرنے مطالبات پر عید سے چند روز قبل مخصتر مدت کے لیے ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
خیال رہے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد چھڑنے والی جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ سامنے آیا جس پر مارچ کے دوران کفایت شعاری مہم کا آغاز کیا گیا تھا، جس کے تحت ہفتے میں تین چھٹیوں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کا اعلان کیا گیا جبکہ عملے کو ورک فراہم ہوم کی سہولت بھی دی گئی۔
 
 

شیئر: