Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیشن کمیشن نے سعودی ورثے کی بحالی کے پروگرام کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز کر دیا

پروگرام کا مقصد ڈیزائنرز اور ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرنا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
فیشن کمیشن نے سوارووسکی اور آرٹ آف ہیریٹیج کے تعاون سے سعودی ہیریٹیج ریوائیول (سعودی ورثے کی بحالی) کے تیسرے ایڈیشن کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کا عنوان ’جیولری اینڈ ہینڈی کرافٹڈ ہیریٹیج‘ رکھا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس اقدام کا مقصد ڈیزائنرز، دستکاروں اور نئے ابھرتے ہوئے تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرنا ہے تاکہ وہ جدید زیورات اورایکسیسریز کے ڈیزائن کے ذریعے سعودی عرب کے بھرپور ثقافتی ورثے کی نئے انداز میں عکاسی کر سکیں۔
پچھلے ایڈیشنز کی کامیابی کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ پروگرام روایتی دستکاری کی تکنیکوں کو جدید ڈیزائننگ کے طریقوں کے ساتھ ملا کر سعودی کاریگری کا جشن مناتا ہے۔ 
شرکاء کو سوارووسکی کے ’ری اگنائٹڈ کرسٹلز‘ استعمال کرنے کا موقع ملے گا جو جدت، پائیداری اور ثقافتی شناخت کے تحفظ کے لیے باہمی عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ مقابلہ مقامی تخلیقی صلاحیتوں کو بااختیار بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے جبکہ شرکاء کو روایتی سعودی دستکاریوں سے رہنمائی حاصل کرنے اور اور انہیں ایسے جدید ڈیزائنوں میں ڈھالنے کی ترغیب دی گئی ہے جو عالمی سطح پر پسند کیے جائیں۔
ایک جامع تعلیمی سفر کے ذریعے، شرکاء کو صنعت کے ماہرین، ڈیزائنرز اور ورثے کے ماہرین تک براہِ راست رسائی حاصل ہوگی جس سے وہ اپنے کام کو بہترین بنانے کے لیے ضروری تکنیکی اور تخلیقی مہارتوں سے آراستہ ہوں گے۔
اس پروگرام میں ریاض میں ’اِن پرسن ورکشاپس‘ کا ایک سلسلہ شامل ہے جس میں زیورات کی ڈیزائننگ، روایتی دستکاری، روایتی کڑھائی، ایکسیسریز اور سعودی ثقافتی عناصر کے جدید استعمال کے موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔

شرکاء کو آرٹ آف ہیریٹیج اور سوارووسکی کے ماہرین کی جانب سے ورچوئل رہنمائی کے سیشنز بھی فراہم کیے جائیں گے جو ماہرین کی جیوری کے سامنے اپنے حتمی کلیکشنز پیش کرنے سے پہلے ڈیزائن کی تیاری کے عمل میں ان کی مدد کریں گے۔
اس پروگرام کے ابتدائی مراحل کا آغاز جاری ماہ اگست کے اوائل میں ورکشاپس کے ساتھ ہوا تھا۔ فائنل میں پہنچنے والے شرکاء ستمبر 2026 میں ریاض میں ہونے والی حتمی نمائش کے دوران اپنے مکمل ڈیزائن پیش کرنے سے پہلے کئی ہفتوں تک اپنے کانسیپٹس پر کام کریں گے جہاں کامیاب ڈیزائنر کا اعلان کیا جائے گا۔

اس اقدام کے ذریعے فیشن کمیشن مملکت کے تخلیقی ماحول کو مزید مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کا مقصد روایتی دستکاری کو محفوظ بنانا، پائیدار ڈیزائن کے طریقوں کو فروغ دینا اور ابھرتے ہوئے ڈیزائنرز کے لیے ایسے بامعنی مواقع پیدا کرنا ہے جہاں وہ جدت طرازی کے ساتھ سعودی ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کر سکیں۔
یہ پروگرام فیشن کمیشن کی جانب سے مقامی باصلاحیت افراد کی معاونت اور انہیں تربیتی و ترقیاتی پروگراموں کے ذریعے بااختیار بنانے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ ان پروگراموں کا مقصد ایسے تخلیقی ڈیزائنز کے ذریعے سعودی ورثے کو نئی زندگی دینا ہے جو روایتی عناصر کو جدت اور جدید تخلیقی انداز کے ساتھ یکجا کرتے ہیں۔
 

 

شیئر: