سعودی وینچر کیپٹل نے نورہ السرحان کو سی ای او مقرر کر دیا
کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس تقرر کی منظوری دی ہے۔ ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی وینچر کیپٹل (ایس وی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نورہ بنت محمد السرحان کو سی ای او مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فیصلے پر عمل درآمد یکم جولائی 2026 سے کیا جائے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وینچر کیپٹل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس تقرر کی منظوری دی ہے۔
نورہ السرحان، نجی سرمایہ کاری کے انتظام اور مالیاتی مشاورت خدمات کے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں، انہوں نے جون 2019 میں ’ایس وی سی‘ میں خدمات کا آغاز کیا ، اس دوران وہ متعدد اہم عہدوں پر فائز رہی ہیں۔
سی ای او کے عہدے پر پہنچنے سے قبل وہ ایگزیکٹو نائب صدر اور چیف انویسٹمنٹ آفیسر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
انہوں نے سعودی وینچر کیپٹل کی حکمت عملی مرتب کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ ، کارپوریٹ کارکردگی کی نگرانی میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے سعودی وینچر کیپٹل کا شمار سرمایہ کاری کے حوالے اہم اداروں میں ہوتا ہے۔ گزشتہ برسوں میں بہترین حکمت عملی سے سال 2025 کے دوران مسلسل تیسرے سال وینچر کیپیٹل سرمایہ کاری کے حجم میں خطے کے ممالک میں مملکت کی پوزیشن نمایاں رہی۔
سال 2018 کے مقابلے میں 26 گنا سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کمپنی نے 65 سے زائد فنڈز میں سرمایہ کاری کی جن میں وینچر کیپیٹل، پرائیویٹ ایکویٹی، وینچر ڈیٹ اور پرائیویٹ ڈیٹ فنڈز شامل ہیں جو ایک ہزار سے زائد سٹارٹ اپس اور چھوٹے و درمیانے درجے کے اداروں میں سرمایہ کاری میں حصہ شامل کر رہے ہیں۔
