یہ پانچ جون، جمعے کا دن تھا۔ ساہیوال کے ’دفترِ خارجہ‘ کے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ نظر آئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ساہیوال اور اوکاڑہ کی جنگ سے متعلق تازہ اپڈیٹ ہے، اور دونوں اطراف سے شدید گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔
بظاہر یہ تمام تفصیلات ایک مذاق ہی معلوم ہوتی تھیں، اور اگر کسی نے اسے سچ بھی سمجھ لیا تھا تو وہ بھی جان لے کہ یہ واقعی ایک مذاق ہی ہے۔
مذکورہ پوسٹ میں شامل ویڈیو دراصل ایک شادی کی تھی، جہاں مہمان ایک دوسرے پر پلیٹوں کی بارش کر رہے تھے۔
- Sahiwal Okara war update:
Heavy artillery Firing on borders. pic.twitter.com/9v2YrPVv3d— Foreign Ministry of Sahiwal (@fm_sahiwal) June 5, 2026
اور یہ منظر کشی صرف ایک مثال تھی۔ حقیقت میں اس وقت پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک طوفان برپا ہے، جہاں ساہیوال، اوکاڑہ اور دیگر شہروں کے درمیان ایک دلچسپ سی ’جنگ‘ جاری دکھائی دیتی ہے۔
Masoom tu woh log hain jinhe Sahiwal aur okara Waly scene ka maloom hi nahi he.#sahiwalvsokara #war #wwlll pic.twitter.com/3RTIdWYWKx
— (@mavericMindset) June 5, 2026
آپ نے اس ٹرینڈ سے جڑی میمز بھی ضرور دیکھی ہوں گی، جن میں سے کچھ آپ سے ساتھ ساتھ شیئر کر رہا ہوں، لیکن پہلے اس پوری کہانی کی وجہ جان لیتے ہیں۔
JUST IN: Sahiwal has launched Ballistic Missiles towards Okara in retaliation of the Subsonic Missile attack earlier today.
I condemn these escalations and request both of the parties to avoid fighting. pic.twitter.com/41KzGPvWno
— (@Faseeh0539) June 4, 2026
بھلا ہو ایلون مسک کے گروک کا کہ سرچ کرتے کرتے میں سیدھا ایکس کی ایک خلاصہ پوسٹ تک جا پہنچا، جہاں بتایا گیا تھا:

’ساہیوال-اوکاڑہ میم وار: آتش بازی کے مناظر ’میزائل حملوں‘ میں تبدیل‘
یہ سلسلہ 4 جون کو شروع ہوا، جب انسٹاگرام کے ایک پیروڈی اکاؤنٹ @channel67okara نے مزاحیہ انداز میں دعویٰ کیا کہ اوکاڑہ نے ساہیوال پر میزائل داغ دیے ہیں، اور اس دعوے کے لیے آتش بازی کی ویڈیوز استعمال کی گئیں۔ جواب میں حریف اکاؤنٹ @channel67sahiwal نے طنزیہ اور مزاحیہ پوسٹس شیئر کرنا شروع کر دیں۔
اس کے بعد ایکس کے صارفین بھی اس ’جنگ‘ میں کود پڑے اور فرضی اوپن سورس انٹیلیجنس (OSINT) رپورٹس، بین الاقوامی اتحادوں اور قریبی شہروں کی حمایت جیسے دلچسپ دعوے سامنے آنے لگے۔ یہاں تک کہ چیچہ وطنی کو ساہیوال کے لیے فضائی دفاع فراہم کرنے والا اتحادی بھی قرار دے دیا گیا۔
ابتدا میں کچھ لوگوں نے اسے حقیقی تنازع سمجھ لیا اور امن کے لیے دعائیں بھی کیں، لیکن حقیقت میں یہ سب دونوں شہروں کے درمیان دوستانہ مزاح، تفریح اور مقامی فخر کے اظہار کا حصہ ہے۔ ساہیوال اور اوکاڑہ، جو ایک دوسرے سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع ہیں، بالترتیب اپنے آلوؤں اور بھینسوں کی وجہ سے مشہور ہیں، اور ان کے درمیان کسی قسم کی حقیقی کشیدگی موجود نہیں۔
اب جب آپ اس ’جنگ‘ کی حقیقت جان ہی چکے ہیں تو آئیے، ریڈیٹ پر جاری اس دلچسپ گفتگو کے چند سکرین شاٹس بھی دیکھ لیتے ہیں۔
Okara ground forces have advanced toward the border amid rising tensions. Sahiwal has deployed rapid reaction units in defensive posture. Satellite imagery shows increased vehicle movement on both sides.#OkaraVsSahiwal https://t.co/l9askdLtN9 pic.twitter.com/F77l6PuNv4
— MAK (@_iMAKsays) June 5, 2026
ریڈیٹ پر جاری گفتگو بھی اس میم وار کی دلچسپی کو مزید بڑھا رہی ہے۔ ایک صارف نے دعویٰ کیا کہ ’ساہیوال اگلے 24 گھنٹوں میں جوہری ہتھیار تیار کر لے گا‘، جبکہ ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ اوکاڑہ کے ’قبل از وقت حملوں‘ نے ساہیوال کی فوجی اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ کسی نے ساہیوال کے ’اپنے دفاع کے حق‘ کی حمایت کی تو کسی نے اوکاڑہ کو رات بھر جاگتے رہنے کا مشورہ دے ڈالا۔ یہ تمام تبصرے اسی فرضی جنگ کے بیانیے کو مزید مزاحیہ رنگ دیتے نظر آئے۔

اس دوران چیچہ وطنی کو امن مذاکرات کا میزبان قرار دیا گیا، جبکہ بعض صارفین نے دعویٰ کیا کہ دنیا بھر کے سفارت کار مذاکرات کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ ایک تبصرے میں تو ’دریائے راوی کی آبنائے‘ بند کرنے کی دھمکی بھی دی گئی، جس پر جواب آیا کہ ساہیوال کی جانب سے معاشی دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ اسی طرح ’گندا نالہ‘ کھولنے کے مطالبے اور مختلف مقامی حوالوں نے اس فرضی تنازع کو ایک الگ ہی مزاحیہ جہت دے دی۔










