Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ورلڈ کپ ٹرافی پلاسٹک کے تھیلے میں‘، ہسپانوی کھلاڑی کی وائرل ویڈیو کی حقیقت کیا ہے؟

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سپین کی تاریخی فتح کے بعد ’ورلڈ کپ ٹرافی‘ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس نے فٹبال شائقین کو حیران کر دیا ہے۔ 

ویڈیو میں سپین کے ڈیفنڈر مارک کوکوریلا کو بظاہر ورلڈ کپ ٹرافی شفاف پلاسٹک کے تھیلے میں اٹھائے میٹ لائف سٹیڈیم سے باہر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد انٹرنیٹ صارفین کے درمیان نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

ویڈیو میں کوکوریلا سپین کی سرخ جرسی، نیلے شارٹس، چپل، ہیڈ بینڈ اور پشت پر بیگ پہنے ہوئے ہیں، جبکہ ان کے ہاتھ میں پلاسٹک کے تھیلے میں رکھی ایک ٹرافی دکھائی دیتی ہے، جو پہلی نظر میں فیفا ورلڈ کپ ٹرافی معلوم ہوتی ہے۔
ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
ایک صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’دنیا کی سب سے قیمتی ٹرافی۔۔۔ اور اسے ایسے اٹھایا جا رہا ہے جیسے بازار سے خریداری کر آئے ہوں۔‘
ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا، ’اگر یہی نئی ہلکی پھلکی ٹرافی پالیسی ہے تو اگلے ورلڈ کپ فائنل میں میں بھی اپنا شاپنگ بیگ ساتھ لے آؤں گا۔‘
تاہم وائرل ویڈیو کی ایک ممکنہ وضاحت بھی سامنے آئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ڈریسنگ روم میں سپین کے تمام کھلاڑیوں کو یادگار کے طور پر ’چھوٹی ورلڈ کپ ٹرافیاں‘ پیش کی تھیں۔ اسی لیے خیال کیا جا رہا ہے کہ کوکوریلا کے ہاتھ میں موجود ٹرافی اصل ورلڈ کپ ٹرافی نہیں بلکہ وہی یادگاری نقل تھی۔
کچھ صارفین کا یہ بھی ماننا ہے کہ یہ ’لیگو‘ کی تیار کردہ ورلڈ کپ ٹرافی ہو سکتی ہے، جو کمپنی کی ویب سائٹ پر ’199 ڈالر (تقریباً 56 ہزار پاکستانی روپے)‘ میں فروخت کی جا رہی ہے۔
موجودہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی 1974 سے استعمال ہو رہی ہے اور اسے سب سے پہلے مغربی جرمنی نے اپنے نام کیا تھا۔ دی ایتھلیٹک کے مطابق 18 قیراط سونے سے تیار کی گئی اس ٹرافی کو بنانے پر اس وقت ’تقریباً 9 ہزار 390 ڈالر‘ (تقریباً 26 لاکھ پاکستانی روپے) لاگت آئی تھی، جبکہ موجودہ اندازوں کے مطابق اس کی مالیت ’ایک لاکھ 10 ہزار ڈالر‘ (تقریباً 3 کروڑ 10 لاکھ پاکستانی روپے) ہے۔

ورلڈ کپ جیتنے کے بعد سپین کی ٹیم وطن واپس پہنچ چکی ہے۔(فوٹو:گیٹی امیجز)

اگرچہ عام تاثر یہی ہے کہ عالمی چیمپیئن ٹیم اصل ٹرافی اپنے ساتھ وطن لے جاتی ہے، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔
فیفا کے قواعد کے مطابق ’2006 سے فاتح ٹیم کو اصل ٹرافی نہیں بلکہ سونے کی ملمع کاری (گولڈ پلیٹڈ) والی‘ نقلی ٹرافی دی جاتی ہے، جسے کھلاڑی جشن، پریڈ اور سرکاری تقریبات میں استعمال کرتے ہیں، جبکہ اصل ورلڈ کپ ٹرافی ہمیشہ فیفا کی ملکیت رہتی ہے۔
اصل ٹرافی سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں فیفا کے ہیڈکوارٹر میں انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کے تحت محفوظ رکھی جاتی ہے، اور اسے صرف عالمی چیمپیئن کھلاڑی، فیفا کے منتخب حکام اور چند سربراہانِ مملکت ہی ہاتھ لگا سکتے ہیں۔
ورلڈ کپ جیتنے کے بعد سپین کی ٹیم وطن واپس پہنچ چکی ہے، جہاں میڈرڈ میں اوپن ٹاپ بس پریڈ کے ذریعے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔

شیئر: