Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: کیچ میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں سابق فوجی افسر سمیت تین افراد ہلاک

پولیس کے مطابق سابق فوجی افسر کی میت کراچی منتقل کی گئی جہاں سے بعد ازاں اسے راولپنڈی روانہ کر دیا گیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)ٌ
بلوچستان کے ضلع کیچ میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں ایک سابق فوجی افسر سمیت تین افراد ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ضلع کیچ کے ضلعی ہیڈکوارٹر تربت سے تقریباً 20 کلومیٹر دور کلاتک کے علاقے میں پیش آیا۔
تربت میں تعینات ایک سینیئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل ارسلان حلیم اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ ایک گاڑی میں سوار ہو کر سڑک کے ایک تعمیراتی منصوبے کا معائنہ کرنے تربت آئے تھے۔ مذکورہ منصوبے پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کام کر رہی ہے اور ارسلان حلیم بطور کنٹریکٹر منصوبے کا جائزہ لینے آئے تھے۔
پولیس افسر کے مطابق جب ان کی گاڑی کلاتک کے علاقے سے گزر رہی تھی تو سڑک کنارے نصب ایک دیسی ساختہ بم کو دھماکے سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے میں ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل ارسلان حلیم، محمد آصف اور سید نعمان کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ کلیم نامی ایک شخص زخمی ہوا جسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق سابق فوجی افسر کی میت کراچی منتقل کی گئی جہاں سے بعد ازاں اسے راولپنڈی روانہ کر دیا گیا۔
ضلع کیچ کی سرحدیں گوادر، پنجگور اور آواران جیسے حساس اضلاع کے علاوہ ہمسایہ ملک ایران سے بھی ملتی ہیں۔ یہ ضلع گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے بدامنی اور شورش کی لپیٹ میں ہے۔
اس علاقے میں کالعدم بلوچ مسلح تنظیمیں سرگرم رہی ہیں جو ماضی میں سکیورٹی فورسز، سرکاری تنصیبات، مواصلاتی و تعمیراتی منصوبوں اور ان منصوبوں پر کام کرنے والے انجینئرز، ٹھیکیداروں اور مزدوروں کو نشانہ بناچکی ہیں۔
تاہم تازہ حملے کی ذمہ داری اب تک کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔

شیئر: