سعودی عرب، 39 ویں عرب بین الپارلیمانی یونین کی میزبانی کرے گا
شاہ سلمان کی سرپرستی میں یہ کانفرنس دس اور گیارہ جون کو ہوگی۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب، وڈیو کانفرنس کے ذریعے عرب بین الپارلیمانی یونین کی 39 ویں کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سرپرستی میں یہ کانفرنس دس اور گیارہ جون کو ہوگی۔
سعودی کونسل اورعرب بین الپارلیمانی یونین کے زیرِ اہتمام کانفرنس، عرب پارلیمان اور قانون ساز کونسل کے سپیکرز کے ساتھ کئی علاقائی تنظمیوں کے وفود کو اکھٹا کرے گی۔
شوریٰ کونسل کے سپیکر شیخ عبداللہ بن محمد آلِ الشیخ نے کہا کہ’ کانفرنس کی سرپرستی عرب ملکوں کے مشترکہ تعاون، علاقائی سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے لیے مملکت کی سپورٹ کی عکاسی کرتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے، یکساں موقف اور عرب دنیا میں ترقی کو فروغ دینے کے لیے عرب پارلیمانی ہم آہنگی ضروری ہے۔‘
1974 میں اکتوبر کی جنگ کے بعد دمشق میں قائم ہونے عرب بین الپارلیمانی یونین، ایک علاقائی ادارہ ہے جو عرب پارلیمان کے درمیان تعاون کو بڑھانے، علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر ہم آہنگی، عرب یکجہتی و قومی سلامتی کی سپورٹ اور مکالمے، نمائندہ جمہوریت اور انسانی حقوق کو فروغ دینے کے لیے کام کرتا ہے۔
یاد رہے عرب بین الپارلیمانی یونین کی 38 ویں کانفرنس کی میزبانی 3 مئی 2025 کو الجزائر نے کی تھی۔
