تبوک میں الوجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اپ گریڈ، دوبارہ کھل گیا
ایئرپورٹ پر بڑے کمرشل طیارے بھی لینڈ کر سکیں گے۔( فوٹو: ایس پی اے)
ریڈ سی گلوبل نے مملکت کے تبوک ریجن میں واقع الوجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ماڈر نائزیشن مکمل کرنے کے بعد فضائی سروس کے لیے کھول دیا ہے۔
اپ گریڈیشن سے مسافروں کی گنجائش میں اضافہ ہوا ہے، اب ایئرپورٹ پر بڑے کمرشل طیارے بھی لینڈ کر سکیں گے۔
ایس پی اے کے مطابق ایئرپورٹ پر گزشتہ دو برس سے توسیع کام جاری تھا جسے مکمل کرنے کے بعد 24 مئی 2026 سے اسے مرحلہ وار کھولنے کا عمل شروع کیا گیا تھا۔
الوجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے السعودیہ کی ہفتہ وار پانچ کمرشل فلائٹس شیڈول کی گئی ہیں، جن میں سے تین ریاض اور دو جدہ کے درمیان ہیں، دیگر ایئرپورٹس سے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فضائی سروس مرحلہ وار بحال کی جائے گی۔

ریڈ سی گلوبل کے سی ای او جان پگانو کا کہنا تھا کہ’ الجوف ایئرپورٹ کا توسیع منصوبہ محض ایئرپورٹ بلڈنگ کو ترقی دینا نہیں بلکہ اس سے ریجن کی معاشی ترقی اور علاقے کے لوگوں کے لیے سرمایہ کاری کے نئے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔
الوجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کے بعد یہاں ایئربس اے 320 اور بوئنگ 737 بھی لینڈ کرسکتے ہیں۔ ایئرپورٹ کے مسافروں کی سالانہ گنجائش ایک لاکھ سے بڑھ کر 5 لاکھ تک ہو گئی ہے۔

علاوہ ازیں ائیرپورٹ پر چار گیٹس ہیں، فی گھنٹہ 330 مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی جا سکے گی۔
نئے ٹرمینل میں لاونجز، ریٹیل آوٹ لیٹس، بینکنگ خدمات، کار رینٹل اور پارکنگ کی سہولتیں شامل ہیں، یہ سی پلین اور ہیلی کاپٹر آپریشنز کو بھی سپورٹ کرتا ہے۔

یہ ریڈ سی گلوبل کی جانب سے اپنے ٹورازم فولیو کے باہر مکمل کیے جانے والا پہلا انفرا سٹرکچر ڈیولپمنٹ پروجیکٹ ہے۔
الوجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع سے مسافروں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے اور تبوک ریجن میں رابطوں کو بہتر بنانے کی توقع ہے۔
