Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاٹ ایئر بیلون اور تاروں بھرا آسمان: العلا میں نومبر کے دوران مختلف سرگرمیاں

تمام سرگرمیاں قدرتی اور ثقافتی ورثے کو دریافت کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
العلا چھ سے 15 نومبر تک مختلف سرگرمیوں کے ایک سلسلے کی میزبانی کرے گا جس میں آنے والے تمام افراد کو ایک خاص پروگرام کے ذریعے یہاں کے قدرتی مناظر، قدیم ورثے اور خوبصورت نظاروں کو دیکھنے کا موقع ملے گا جو قدرت، مہم جوئی، ثقافت اور تفریح کا بہترین امتزاج ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس پروگرام میں فضا میں مہم جوئی اور شام کی سرگرمیاں شامل ہیں جن میں العلا کے منفرد مناظر کو اوپر سے دیکھنے کے لیے ہاٹ ایئر بیلون کی سیر، ماہرین کی نگرانی میں ستارے دیکھنے کے سیشنز اور اوپن ایئر سنیما سکریننگ شامل ہے۔
سیاح لیونیڈ شہابِ ثاقب کی بارش بھی دیکھ سکتے ہیں جو بہترین حالات میں تقریباً 20 شہابِ ثاقب فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
10 دن کے پروگرام میں ’حساک‘ انیشیٹیو بھی شامل ہے جو تاروں بھرے آسمان تلے رہنمائی کے ساتھ پیدل چلنے جیسے مزید تجربات پیش کرتا ہے۔
یہ تمام سرگرمیاں رات کے وقت قدرتی اور ثقافتی ورثے کو دریافت کرنے کے مواقع کے ساتھ مہم جوئی کو جوڑتی ہیں۔

العلا کی حیثیت ’سٹار گیزنگ ڈیسٹینیشن‘ کے طور پر مزید مستحکم ہوتی ہے کیونکہ اسے خطے کا پہلا ڈارک سکائی مقام ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
ڈارک سکائی انٹرنیشنل نے چار مقامات کو بین الاقوامی ڈارک سکائی مقامات کے طور پر تسلیم کیا ہے جن میں العُلا منارہ، الغرامیل نیچر ریزرو، شرعان نیشنل پارک اور وادی نخلہ نیچر ریزرو شامل ہیں۔
یہ محفوظ علاقے قدرتی ماحول کے تحفظ، روشنی کی آلودگی میں کمی اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ مقامات رات کے آسمان، ستاروں اور کہکشاؤں کا مشاہدہ کرنے کے لیے غیر معمولی طور پر سازگار حالات فراہم کرتے ہیں۔
 

 

شیئر: