عمان کے قریب امریکی حملے کا نشانہ بننے والے ٹینکر میں تین انڈین ملاح ہلاک
آٹھ جون کو امریکی حملے کا نشانہ بننے والے ایک اور ٹینکر سے 24 انڈین ملاحوں کو ایئرلفٹ کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے وزیر جہاز رانی نے کہا ہے کہ عمان کے ساحل کے قریب امریکی حملے کا نشانہ بننے والے جہاز پر سوار تین انڈین ملاح ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سربانند سونووال نے بیان میں ایک روز قبل ہونے والے ہونے والے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’پلاؤ کے جھنڈا بردار جہاز ایم ٹی سیٹیبیلو کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی اطلاع بہت افسوسناک ہے۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’اس سے قبل جن تین انڈین ملاحوں کے بارے میں اطلاع تھی کہ وہ لاپتہ ہیں۔ اب لاشیں ملنے اور شناخت کے بعد ان کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد انڈیا کی وزارت خارجہ نئی دہلی میں تعینات ایک اعلیٰ امریکی سفارت کار کو طلب کیا اور جہاز پر حملے پر ’شدید احتجاج‘ ریکارڈ کرایا ہے۔
یہ رواں ہفتے دوسرے ایسے تجارتی جہاز پر امریکی کی جانب سے حملہ ہے جس کے عملے کے افراد میں زیادہ تر افراد انڈیا سے تعلق رکھتے تھے۔
آٹھ جون کو بھی پلاؤ کے جھنڈے کے ساتھ سفر کرنے والے ایک جہاز کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد عمان کے حکام نے 24 انڈین ملاحوں کو ہیلی کاپٹرز کے مدد سے نکالا تھا۔
فارورڈ سیمنز یونین آف انڈیا کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں عملے کے ارکان کو ہیلی کاپٹرز کے ساتھ رسیاں باندھ کر نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا جبکہ جہاز کے کچھ حصوں سے گاڑھا دھواں بھی اٹھ رہا تھا۔
سربانند سونووال کا کہنا تھا کہ ’اس مشکل گھڑی میں حکومت سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ عملے کے ان ارکان کو فوری طور پر واپس بھجوایا جائے جن کو بچا لیا گیا ہے جبکہ جو جان سے گزر گئے ہیں ان کی میتوں کو آخری رسومات کے لیے جلد از جلد وطن واپس لایا جائے۔
