سعودی عرب کا بزرگوں کے حقوق سے متعلق بین الاقوامی کوششوں پر زور
الواصل نے کہا بزرگوں کے ساتھ بد سلوکی ایک عالمی مسئلہ ہے ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب نے بزرگوں خصوصا معذور افرد کے تحفظ کے لیے مضبوط بین الاقوامی کوششوں پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں مملکت کے مستقل مندوب عبدالعزیز الواصل نے بزرگ افراد کے حقوق، وقار اور معاشرے میں مکمل شرکت کے تحفظ کی یہ اپیل نیویارک میں گروپ آف فرینڈز ان ایجنگ اینڈ سٹین ایبل ڈیولپمنٹ کی جانب سے کی ہے۔
یہ تقریب معذور افراد کے حقوق سے متعلق کنونشن کے 19 ویں اجلاس کے موقع پر منعقد ہوئی۔
الواصل نے کہا’ بزرگوں کے ساتھ بد سلوکی ایک عالمی مسئلہ ہے، جس کے لیے اجتماعی رد عمل کی ضرورت ہے۔ 60 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تقریبا 46 فیصد افراد کسی نہ کسی طرح کی معذوری کے ساتھ رہتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا’ ہر چھ میں سے ایک بزرگ شخص کو بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے معذور افراد اور دیگر کمزور گروپوں کے لیے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔‘
’ بزرگ افراد کے لیے محفوظ اور جامع ماحول کو یقینی بنانے کے لیے کو ششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ پائیدار ترقیاتی اہداف، انصاف اور مساوات کے اصولوں کے مطابق اپنی کمیونٹی میں حصہ ڈال سکیں۔‘
