Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیپ ٹاؤن ایئرپورٹ پر مسافر کے بیگ سے 200 کے قریب زندہ اور زہریلے بچھو برآمد

زندہ بچھوؤں کو پلاسٹک کی چھوٹی چھوٹی تھیلیوں میں چھپایا گیا تھا (فوٹو: کیپ ٹاؤن ڈاٹ کام)
جنوبی افریقہ کے ایک ایئر پورٹ پر ایک مسافر کے بیگ سے دو سو کے قریب زندہ اور زہریلے بچھو نکل آئے، جس پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔
کیپ ٹاؤن نیٹ ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق واقعہ سنیچر کو کیپ ٹاؤن کے ایئرپورٹ پر پیش آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکام کو اطلاع ملی تھی کہ جنگلی حیات سے متعلق کسی سمگلنگ کی کوشش کی جا سکتی ہے جس پر چیکنگ کا سلسلہ قدرے سخت کیا گیا تھا تاہم کوئی ایسی کوئی چیز نہیں ملی۔
پھر ایک مسافر سکینر کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا گیا جس کے پاس چھوٹا سا بیگ تھا اور وہ سکینر میں سے گزر گیا جس میں کوئی قابل اعتراض چیز دکھائی نہیں دی۔
تاہم چیکنگ کی سختی کی وجہ سے ایک اہلکار نے ان کو بیگ کھولنے کا کہا جس پر اس نے کہا کہ سکیننگ تو ہو گئی ہے، تاہم پھر بھی بیگ کھلوایا گیا تو تہہ کر کے رکھے کپڑے کے اندر سے پلاسٹک کی چھوٹی چھوٹی تھیلیاں برآمد ہوئیں۔
حیرت کی بات یہ تھی کہ ان میں کچھ حرکت کر رہی تھیں، جس پر غور سے دیکھا گیا تو ان کے اندر کالے رنگ کے بچھو تھے، جن کو بہت نایاب اور قیمتی سمجھا جاتا ہے۔
پولیس کی جانب سے مسافر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم اتنا بتایا گیا ہے کہ اس کے خلاف جنگلی حیات سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا اور حوالات منتقل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ جنگلی حیات کی ٹیم کے ارکان بھی اس کارروائی کے وقت موجود تھے، انہوں نے بچھوؤں کو پلاسٹک کی تھیلوں سے نکال کر احتیاط سے محکمے کے خصوصی ڈبوں میں منتقل کیا جس کے دوران کسی بچھو کو کوئی نقصان پہنچا اور نہ ہی کسی اہلکار کو۔
جنوبی افریقہ سمیت دیگر کئی ممالک میں اس سے قبل بھی بچھوؤں اور نایاب سانپوں کے علاوہ بڑے جانوروں تک کی سمگلنگ کی کوششیں گئی ہیں اور کچھ عرصہ پیشتر جرمنی کے شہر میونخ کے ایئرپورٹ پر ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا گیا تھا جو سوٹ کیس میں نایاب نسل کا البینو مگرمچھ لے کر جا رہا تھا۔
فاکس نیوز کے مطابق سنگاپور سے جرمنی آنے والے شخص کے سامان کی جب سکیننگ کی گئی تو ایسی شبہیہ ابھری کہ جیسے مگرمچھ دائرے کی شکل میں بیٹھا ہے۔
جب سوٹ کیس کو کھولا گیا تو اس میں البینو مگرمچھ موجود تھا جس کے اوپر اتنی زیادہ سلوشن ٹیپس لپیٹی گئی تھی جس سے  وہ حرکت تک نہیں کر سکتا تھا، صرف اس کے نتھنوں کو کھلا چھوڑا گیا تھا جبکہ منہ بھی باندھا گیا تھا۔
جب کسٹم حکام نے ٹیپس ہٹائیں تو مگرمچھ انتہائی بری حالت میں تھا تاہم اس کو جانوروں کے ماہرین کے حوالے کیا گیا اور کچھ ہی دیر میں اس کی حالت سنبھل گئی۔

 

شیئر: