فیفا ورلڈ کپ 2026: ’سعودی ٹیم یوراگوئے کے خلاف پُراعتماد ہیں‘
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ایچ میں اپنے افتتاحی میچ سے قبل سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں نے دو مرتبہ کی عالمی چیمپیئن یوراگوئے کے لیے احترام کا اظہار کرتے ہوئے اپنی تیاریوں اور مضبوط کارکردگی کے عزم کا اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی ٹیم کے فارورڈ پلیئر فراس البريكان نے کہا کہ ’ٹیم نے میگا ایونٹ کے لیے بہترین انداز میں تیاری مکمل کی ہے۔‘
ان کے مطابق حالیہ دوستانہ میچز نے کوچ جارجیوس ڈونِس کی حکمت عملی اور منصوبوں کو مؤثر انداز میں میدان میں آزمانے کا موقع فراہم کیا۔
قومی ٹیم کے گول کیپر محمد الاویس نے کہا کہ ٹیم کی پوری توجہ اپنی کارکردگی پر مرکوز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ایک مضبوط اور ٹائٹل کے مضبوط امیدوار حریف کے خلاف کھیلنے جا رہے ہیں، لیکن ہم مکمل طور پر تیار اور پُراعتماد ہیں۔‘
دفاعی کھلاڑی سعود عبدالحمید نے بھی ٹیم کی مکمل تیاری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی لیگ میں عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ مسلسل مقابلوں نے قومی ٹیم کے کھیل اور مسابقتی معیار کو مزید بہتر بنایا ہے۔
سعودی ٹیم اب ورلڈ کپ کے آغاز پر یوراگوئے کے خلاف مثبت نتائج کے لیے پُرعزم دکھائی دے رہی ہے۔