’الفا‘ کے ٹریلر میں شناسا سبز آنکھوں کی جھلک، ریتک روشن ہیں؟
’الفا‘ کے ٹریلر میں شناسا سبز آنکھوں کی جھلک، ریتک روشن ہیں؟
جمعرات 18 جون 2026 12:23
فلم ’الفا‘ تین جولائی کو ریلیز ہو رہی ہے (فوٹو: شوبز تماشا)
شیو راویل کی آنے والی جاسوسی اور ایکشن تھرلر فلم ’الفا‘ کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے جس میں عالیہ بھٹ، بوبی دیول اور انیل کپور کے علاوہ شناسا سی سبز آنکھوں کی جھلک بھی شامل ہے۔
دی انڈین ایکسپریس کے مطابق پچھلے ہفتے یہ فلم اسی وقت سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئی تھی جب اس کا ٹیزر سامنے آیا تھا اور ایسے سوالات ابھرے کہ اس میں شرواری کیوں دکھائی نہیں دیں۔
اس کے کچھ دیر بعد عالیہ بھٹ نے اپنے انسٹاگرام پر کو سٹار کے ساتھ بنی تصویریں شیئر کیں۔
یش راج کی اس فلم کا طویل عرصے شائقین کو انتظار ہے جس میں شرواری کو متعارف کرایا گیا ہے اور اس کا ٹریلر سامنے آنے کے بعد ان بعض سوالات کا جواب مل گیا ہے جو ٹیزر کے موقع پر کھڑے ہوئے تھے۔
ٹیزر کا آغاز ایک ایسے منظر سے ہوتا ہے جس میں بوبی دیول فتح کے کردار میں ایک ننھی بچی کو دیکھ رہے ہیں، وہ بچی کا نام سیتا رکھتے ہیں اور 18ویں سالگرہ پر ان کو تحفے میں پہلا مشن سونپتے ہیں۔
تاہم ٹریلر میں صورت حال کچھ مختلف دکھائی دیتی ہے۔ اس میں سیتا کی باتوں سے پتہ چلتا ہے کہ فتح نام کا وہ کردار جسے وہ بابا کہہ کر پکارتی ہیں، دراصل ان کے بائیولوجیکل والد نہیں ہیں۔
مختلف مناظر کے پس منظر میں سنائی دینے والی ان کی آواز فتح کو ایک مغرور اور فریبی شخص کہتے ہوئے ’راکھشس‘ اور راون جیسا قرار دیتی ہے۔
یش راج فلمز کا کہنا ہے کہ ٹیزر میں شرواری کو جان بوجھ کر خفیہ رکھا گیا تھا (فوٹو: بالی وڈ بلبلے)
وہ اپنے بچپن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’ایک روز اس نے ایک شہزادی کو اغوا کیا اور گھر لے آیا۔‘ جس سے پتہ چلتا ہے کہ ان کو اغوا کیا جاتا ہے اور وہی کردار ان کو پالتا ہے۔
وہ مزید کہتی ہیں کہ ’تاریخ جانتی ہے کہ اس کہانی کا انجام کیا ہوا تھا مگر اس بار سیتا خود لنکا جلانے کے لیے موجود ہے۔‘
اس مکالمے سے اشارہ ملتا ہے کہ کہانی دراصل رامائن کے روایتی کرداروں اور واقعات کو ایک نئے اور جدید انداز میں پیش کر رہی ہے جہاں سیتا خود اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے اور انتقام لینے کے لیے میدان میں اترتی ہے۔
سیتا کے کچھ ایکشن سینز کے بعد شرواری بھی ٹریلر میں دکھائی دیتی ہیں۔
جلد ہی وہ سیتا کے ساتھ لڑتی نظر آتی ہیں اور کہتی ہیں کہ وہ اس سے صرف بات کرنا چاہتی ہیں، اس پر سیتا کہتی ہیں کہ ’پہلے مجھے روک کے دکھاؤ اس کے بعد بات ہو گی۔‘
ٹریلر میں ریتک روشن کی صرف آنکھیں کلوز اپ میں دکھائی دیتی ہیں (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
اس کے بعد لڑائی جاری رہتی ہے، تاہم بعدازاں ان کو ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
یش راج فلمز کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق ٹیزر میں شرواری کے کردار کر جان بوجھ کر خفیہ رکھا گیا تاہم ٹریلر سے لگتا ہے کہ وہ بوبی دیول کی راہ روکنے کے لیے عالیہ کا ساتھ دیتی ہیں۔
ٹریلر کے آخر میں ایسی سبز آنکھیں کلوز اپ میں دکھائی دیتی ہیں جیسی ریتک روشن کی ہیں، جبکہ ایسی افواہیں بھی ہیں کہ اس میں شاہ رخ خان، سلمان خان، دیپکا پاڈوکون کی سرپرائز جھلک بھی ملے گی تاہم مزید معلومات تین جولائی کو ریلیز پر ہی سامنے آئیں گی۔