جازان کا واٹر فرنٹ اور فیفا ورلڈ کپ کے میچز، سمر نائٹ کا منفرد تجربہ
کئی مقامات پر میچز دیکھنے کے لیے بڑی بڑی سکرینیں نصب ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن کے واٹر فرنٹ اور کھلے مقامات پر موجود کیفے موسم گرما کی شاموں میں غیر معمولی طور پر آباد ہیں، جہاں فٹبال کے شائقین بڑی سکرینوں پر ورلڈ کپ فٹبال 2026 کے میچز سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق سمر نائٹس میں جب موسم معتدل ہوتا ہے ساحلی شاہراہیں اور واکنگ ٹریکس تفریحی مراکز میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔
سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق واٹر فرنٹ اور پبلک پارکس کے منصوبوں نے سیاحتی شعبے کے فروغ، تفریحی مواقع کو متنوع بنانے اور معیار زندگی کو بڑھانے کے ساتھ تفریح اور آرام کے لیے ایک پرکشش ماحول پیدا کیا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی اوپن ایئر کیفے اور واٹر فرنٹ کے مقامات زیادہ متحرک ہوگئے ہیں، کئی مقامات پر میچز دیکھنے کے لیے بڑی بڑی سکرینیں نصب ہیں۔
ایک سماجی ماحول اور تفریحی مواقع نے خاندانوں اور نوجوانوں کی شرکت میں اضافہ کیا ہے۔ واٹر فرنٹ کو ایک ایسا مقام بنا دیا ہے جو سپورٹس کے جوش و جذبے کو سمندر کی دلکشی سے جوڑتا ہے۔

یہاں کے ساحلی مقامات، شمالی اور جنوبی کورنیش اور واکنگ ٹریکس گرمیوں کی راتوں میں سب سے زیادہ مصروف مقامات میں شمار ہوتے ہیں۔
لوگ یہاں سمندری فضا سے لطف اندوز ہونے، غروبِ آفتاب کے دلکش مناظر دیکھنے اور مختلف تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کو ترجیح دیتے ہیں۔

ساحل پر واقع کیفے کی کھلی نشستوں اور تفریحی سہولتوں نے وزیٹرز کے تجربے کو مزید خوشگوار بنا دیا ہے۔
ان دنوں جازان کی سمر نائٹس اب متعدل سمندری موسم، تفریحی سرگرمیوں اور ورلڈ کپ کے مقابلوں کے امتزاج کی علامت بن چکی ہیں۔
