قصیم میں سعودی عرب اور سپین کا میچ دکھانے کی تیاریاں، بڑی سکرینیں نصب
یہ میچ بریدہ کے سکان پارک میں شام چھ بجے دکھایا جائے گا۔ (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
بلدیہ قصیم اتوار کو ایک عوامی تقریب کا اہتمام کر رہی ہے جس میں فیفا ورلڈ کپ میں سعودی قومی فٹبال ٹیم کا سپین کے ساتھ میچ دکھانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ یہ میچ بریدہ کے سکان پارک میں شام چھ بجے دکھایا جائے گا۔
بلدیہ کا کہنا ہے کہ اس ایونٹ کا مقصد کمیونٹی کی سرگرمیوں میں تعاون فراہم کرنا، شائقین کو ایک ایسی فضا میں میچ دیکھنے کی سہولت فراہم کرنا جہاں کا ماحول ان کے جذبۂ حب الوطنی سے میل کھاتا ہو اور معیارِ زندگی کو بہتر بناتے ہوئے عوامی سہولتوں کے استعمال کو فروغ دینا ہے
بلدیہ کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور میدان میں بڑی بڑی سکرینیں نصب ہو چکی ہیں۔
مختلف خدمات کی سہولتیں دستیاب کی جائیں گی اور فیملیوں کے لیے میچ دیکھنے کی جگہیں مختص کر دی گئی ہیں تاکہ یہ تجربہ محفوظ اور منظم ہو۔
انھوں نے کہا کہ بلدیہ قومی اور کمیونٹی کے ایونٹس میں تعاون کے لیے پیش پیش رہتی ہے جس سے سماجی تعلق مضبوط ہوتا ہے اور علاقے کے رہنے والوں اور یہاں آنے والوں کے درمیان بامعانی تجربات پروان چڑھتے ہیں۔
