مسجد الحرام کا تعمیراتی ورثہ، تاریخی ماربل ٹائلز پر خلفائے راشدین کے نام
یہ ٹائلز عربی رسم الخط اور کاریگری کی منفرد مثال ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میں ’معرض عمارۃ الحرمین الشریفین‘ میں مسجد الحرام کے تعمیراتی ورثے کی نادر اور تاریخی ماربل ٹائلز رکھی گئی ہیں جو صدیوں سے مسلمانوں کی بیت اللہ الحرام کی دیکھ بھال کی عکاس ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق نمائش میں ماربل کی چھ ٹائلز نمایاں ہیں، یہ نوادرات کسی زمانے میں مسجد الحرام کے دالانوں میں لگائے گئے تھے۔
ان کی تاریخ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ یہ سال ہجری 1299 بمطابق 1881 عیسوی کو بنائی گئی تھیں جو عربی رسم الخط اور کاریگری کی منفرد مثال ہیں۔
تاریخی اور منفرد ماربل ٹائلز پرلفظ ’الجلالہ‘ نقش کیا گیا ہے جبکہ نبی اکرم ﷺ کا اسم مبارک اور چاروں خلفائے راشدین، حضرت ابوبکرؓ الصدیق، حضرت عمرؓ فاروق، حضرت عثمانؓ غنی اور حضرت علیؓ بن ابی طالب کے اسمائے گرامی کنندہ ہیں۔
یہ تاریخی اور نایاب ماربل صدیوں سے مسجد الحرام کے ترقیاتی مراحل کی بھی گواہ ہیں جن سے مسجد الحرام کے دالان سجائے جاتے تھے۔

’معرض عمارت الحرمین الشریفین‘ میں رکھی گئی نادر و نایاب اشیا یہاں آنے والے زائرین اور تاریخ دانوں کے علاوہ اسلامی تاریخ میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔
نمائش میں تاریخی اور نادر اشیا کے علاوہ مخطوطات اور حرمین شریفین کی عمارت کے تعمیری مراحل کو بھی بخوبی بیان کیا گیا ہے۔
