امریکہ میں گریسی نامی زرافہ دو ہفتوں سے لاپتہ، ہیلی کاپٹر سے تلاش بھی بے سود
جونز نے کہا کہ اس نے گریسی کو تلاش کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر بھیجے ہیں (فوٹو: ڈیکسیرٹو ایکس)
امریکی ریاست ٹیکساس میں گریسی نامی زرافہ لاپتہ ہے اور اس کی تلاش ایک مشکل کام بن گیا ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تقریباً 3 سال کی گریسی ٹیکساس ہل کنٹری میں سیڈر ہولو رینچ کے اپنے باڑے سے فرار ہو گئی تھی اور وہ دو ہفتوں سے لاپتہ ہے۔
رینچ کے مالک وِک جونز، جو سان انتونیو سے تقریباً 100 میل مغرب میں واقع اس دور دراز علاقے کے مالک ہیں، نے بدھ کو بتایا کہ گریسی اس حصے میں چلی گئی ہے جہاں پہلے دیگر زرافے نہیں گئے تھے۔
جونز نے کہا کہ اس نے گریسی کو تلاش کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر بھیجے ہیں، چند مشاہدات سامنے آئے ہیں، اور پانچ ہزار ڈالر کا انعام بھی رکھا گیا ہے۔
جونز نے کہا کہ ’وہ پہاڑی کے کنارے اور پتھریلی چٹانوں پر کھانے کے لیے گئی، جہاں پہلے کوئی زرافہ نہیں گیا تھا۔ اور جب وہ وہاں سے نیچے اتری، تو غلط طرف گیٹ کے باہر نکل گئی۔‘
جونز نے کہا کہ تلاش کا علاقہ انتہائی دور دراز ہے اور گریسی کا انسانوں سے ملنے کا امکان بہت کم ہے۔ لوگ اس سے خطرے میں نہیں ہیں کیونکہ وہ لوگوں کے آس پاس نہیں ہے۔ وہ بہت ہی کٹھن اور گھنے جنگلاتی علاقے میں ہے۔‘
رئیل کاؤنٹی کے شیرف نیتھن جانسن نے بتایا کہ برسوں میں کئی جانور لاپتہ ہوئے ہیں، خاص طور پر سیلاب کے بعد، لیکن یہ پہلا زرافہ ہے۔
جونز نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ہیلی کاپٹرز نے تقریباً 75 سو ایکڑ علاقے میں تلاش کی لیکن کوئی کامیابی نہیں ملی۔ چند دن بعد اطلاع ملی کہ گریسی جنوب میں دیکھی گئی ہے۔
