ریاض ائیر کی لندن کے لیے پروازیں، ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان
نئے ڈیریم لائنر 9-797 بوئنگ طیارے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ’ریاض ایئر‘ نے ٹکٹوں کی عوامی فروخت کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
یکم جولائی 2026 سے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے درمیان پروازوں کے لیے نئے ڈیریم لائنر 9-797 بوئنگ طیارے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب کو بڑے اور علاقائی مراکز سے جوڑنا، عالمی معیار کا سفر اور لاجسٹک تجربہ فراہم کرنا ایئرلائن کا مشن ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’ایئرلائن کی ویب سائٹ کے ذریعے مسافر اپنی پرواز کی بکنگ کا آغاز کرسکتے ہیں جبکہ منظور شدہ ٹریول ایجنسیز سے بکنگ کی سہولت یکم جولائی سے شروع کی جائے گی۔‘
کمپنی کی جانب سے لائلٹی پروگرام ’سفیر‘ کے عنوان سے بھی لانچ کیا جاچکا ہے، جس کے ذریعے رجسٹرڈ مسافر بہترین آفرز حاصل کرسکتے ہیں، جس میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کالنگ اور واٹس ایپ کالز سمیت دیگر متعدد آپشنز بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کمپنی نے 26 اکتوبر 2025 سے یومیہ کی بنیاد پر ریاض سے لندن کے لیے تجرباتی پروازیں شروع کی تھیں جس میں بیک اپ طیارے ’جمیلہ‘ کے نام سے استعمال کیے گئے تھے۔

ریاض ایئر کی یومیہ پروازیں ’آر ایکس 401 ‘ ریاض سے صبح 2:35 پر روانہ ہوتی ہے، جو لندن صبح 7:30 پر لینڈ کرتی ہے جبکہ واپسی کے لیے فلائٹ نمبر ’آر ایکس 402 ‘ ہوتا ہے جو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے صبح 9:35 پر روانہ ہو کر 18:05 پر ریاض پہنچتی ہے۔
یاد رہے ریاض ایئر اپنے آپریشنز کو وسعت دے رہی ہے۔ حال ہی میں ایوی ایشن کے شعبے میں قومی صلاحیتوں کو فروغ دینے کےلیے ’نواۃ کیبن کریو پروگرام‘ کا آغاز کیا ہے۔
اس پروگرام کا مقصد ہزاروں سعودیوں کو راغب کرنا اور تربیت دینا ہے۔
