Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں، سعودی عرب کا سلامتی کونسل سے مطالبہ

غزہ کی صورتحال بین الاقوامی قانون اور مشترکہ انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
اقوامِ متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’مسلح تنازعات میں بچوں کو تحفظ فراہم کرنا تمام فریقوں کی ذمہ داری ہے۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے ) کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس کا موضوع ’مسلح تنازعات میں بچوں کا تحفظ‘ تھا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب دنیا بھر میں، بالخصوص تنازعات سے متاثرہ مقامات اور علاقوں میں بچوں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مسلسل انسانی اور امدادی سرگرمیوں کی حمایت کرتا رہا ہے۔ اس ضمن میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات 90 سے زائد ممالک میں تنازعات اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو بلا امتیاز امداد فراہم کررہا ہے۔‘
اپنے خطاب میں ڈاکٹر الواصل نے واضح کیا کہ غزہ پٹی میں جاری صورتحال بین الاقوامی انسانی قانون اور مشترکہ انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے اس حوالے سے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس انسانی المیے کو روکنے، بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور سنگین خلاف ورزیوں کے ذمہ داران کا احتساب کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ سعودی عرب بچوں کے تحفظ اور تنازعات سے متاثرہ اقوام کے لیے امن و استحکام کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کی مخلصانہ کوششوں کی حمایت بھی جاری رکھے گا۔

شیئر: