سعودی سفیر سے وفاقی وزیر مذہبی امور کی ملاقات، حج و عمرہ انتظامات پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ خادم حرمین شریفین حجاج کرام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے مثالی اقدامات کر رہے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کی ملاقات ہوئی ہے جس میں حج و عمرہ انتظامات اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
منگل کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سردار محمد یوسف نے کہا کہ تعیناتی پر سعودی سفیر کو خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ عوام کے دل کی آواز ہے، پاکستان کی حرمین شریفین سے نسبت قیامت تک برقرار رہے گی۔ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں بڑے بھائی کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ خادم حرمین شریفین حجاج کرام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے مثالی اقدامات کر رہے ہیں۔ روٹ ٹو مکہ منصوبہ بہترین اقدام ہے، پاکستانی حجاج کرام کو اس سے نمایاں سہولیات میسر آئی ہیں۔
سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے کہا کہ ’ پاکستان میں تعیناتی میرے لیے اعزاز ہے، پاکستان اب میرا پہلا گھر ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت بڑی سعادت ہے اسی لیے سعودی فرمانروا نے خادم حرمین شریفین کا لقب اختیار کیا۔ عمرہ زائرین کو تیز رفتار اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے فوکل پرسن نامزد کیا جا رہا ہے۔
سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ’شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شاعری سے بے حد متاثر ہوں۔ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، یہاں کے لوگ دوستانہ رویے اور مہمان نوازی کے لیے مشہور ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی سفارتخانے کے دروازے اپنے پاکستانی بھائیوں کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔‘
