Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الخبر کورنیش پر ساحلی تفریحی منصوبے ’بے فرنٹ‘ کا افتتاح

یہ اقدام سیاحتی و تفریحی مقامات کو ترقی دینے کی کوششوں کا حصہ ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
 گورنر الشرقیہ ریجن شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز نے الخبر کورنیش پر ساحلی تفریحی مقام ’بے فرنٹ‘ کا افتتاح کردیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس موقع  پر الشرقیہ ریجن کے گورنر نے کہا کہ ’یہ اقدام معیار زندگی کو بہتر بنانے کے ساتھ سیاحتی و تفریحی مقامات کو ترقی دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔‘
’ان کوششوں سے شہریوں اور سیاحوں کے لیے دستیاب تفریحی مواقع میں تنوع پیدا ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ اقتصادی و سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’یہ منصوبے الشرقیہ ریجن کی قدرتی خوبصورتی اور خلیج عرب کے ساحل پر اس کے منفرد محل وقوع سے بھرپور استفادے کے عکاس ہیں۔‘
ریجنل میونسپل سیکرٹری انجینیئر فہد الجبیر نے بتایا ’بے فرنٹ‘ منصوبے میں تفریح، سیاحت، ہاسپیٹلیٹی اور بحری سرگرمیوں کو یکجا کیا گیا ہے جس سے ساحلی علاقے کی کشش میں اضافہ ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا ’میونسپلٹی نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے اپنے شہری اثاثوں کو ترقی دے رہی ہے تاکہ معیاری سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکے اور رہائشیوں و سیاحوں کی ضروریات کے مطابق نئی منزلیں فراہم کی جائیں۔‘
خیال رہے ’بے فرنٹ‘ ترقیاتی منصوبے کے ڈیزائن میں ساحلی ماحول سے لطف اندوز ہونے کے لیے مختلف جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ کھلے مقامات و قدرتی عناصرکو اس انداز میں شامل کیا گیا ہے کہ تفریح کے لیے آنے والے بھر پور طور پر لطف اندوز ہوں۔

 

شیئر: