بریدہ سمر فیسٹیول شروع: سو سے زائد تفریحی پروگرامز
بریدہ سمر فیسٹیول 60 روز تک جاری رہے گا (فوٹو: ایس پی اے)
بریدہ ریجن کے شاہ عبداللہ نیشنل پارک میں ’بریدہ سمرفیسٹیول‘ کا آغاز ہو گیا ہے، موسمِ گرما کی تعطیلات کے حوالے سے شروع کیا گیا میلہ 60 روز تک جاری رہے گا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سمر فیسٹیول میں آنے والوں کے لیے 100 سے زائد تفریحی، ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
فیسٹیول میں داخلہ تمام شہریوں اور سیاحوں کے لیے مفت ہوگا، جبکہ مختلف عمر کے افراد اور خاندانوں کی دلچسپی کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے متنوع پروگرامز بھی مرتب کیے گئے ہیں۔
تفریحی میلے میں مختلف انواع کی سرگرمیوں کے ساتھ اقتصادی مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ریستوانوں اور کیفوں کے لیے علاقوں کو مخصوص کیا گیا ہے۔
علاقے میں گھریلو صنعتوں سے وابستہ خاندانوں، نوجوان کاروباری افراد اور سٹارٹ اپ منصوبوں کے لیے بھی خصوصی طور پر سٹالز کا انتظام کیا گیا ہے، جس کا مقصد علاقے کے لوگوں کی معاونت کرنا ہے۔
فیسٹیول میں بچوں کی دلچسپی کے لیے مختلف اقسام کے جھولوں، لائیو تفریحی شوز، انٹرایکٹو مقابلوں، خانگی نشستوں اور اس کے علاوہ نوجوانوں کے لیے بھی الگ تفریحی مقامات کے انتظامات موجود ہیں۔
منتظمین کے مطابق فیسٹیول کے دوران نوجوان مرد و خواتین کے لیے انتظامی، آپریشنل اور خدماتی شعبوں میں 500 سے زائد سیزنل ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں، جس کا مقصد قومی افرادی قوت کو بااختیار بنانا، چھوٹے اور ابھرتے ہوئے کاروباروں کی معاونت کرنا اور موسمِ گرما کے دوران سماجی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
