چلڈرن سمر فیسٹیول کا آغاز، بچوں کے لیے 73 سے زائد تعلیمی و تفریحی سرگرمیاں
اثرا میں چلڈرن بک فیئر 20 سے 25 جولائی 2026 تک جاری رہے گا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی آرامکو انیشیٹیو کے تحت کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر (اثرا) کی جانب سے چلڈرن سمر فیسٹیول کے دوسرے ایڈیشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق فیسٹیول میں مختلف نوعیت کی 73 سرگرمیاں اور پروگرام شامل ہیں جن میں انٹر ایکٹیو ورکشاپس، سٹوری ٹیلنگ سیشن اور آرٹس پرفارمنس شوز اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔
سمر فیسٹیول کا مقصد بچوں میں تجسس پر مبنی سیکھنے کے عمل کو فروغ دینا، سماجی شرکت میں اضافہ کرنا اور ثقافتی وابستگی کو مضبوط بنانا ہے۔ اس کے ذریعے بچوں کی تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ مختلف کمیونٹیز کی شمولیت سے ثقافتی تبادلوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
اس سال فیسٹیول کے پروگراموں میں ’گھر‘ کے تصور کو ایک مادی جگہ اور تعلق کے احساس دونوں حوالوں سے پیش کیا گیا ہے۔
پریکٹیکل اور انٹر ایکٹیو تجربات کے ذریعے بچوں کو یہ سمجھنے کا موقع ملے گا کہ گھر کیسے ڈیزائن کیے جاتے ہیں اور انہیں کیسے سجایا جاتا ہے۔
فیسٹیول میں میوزیم، کڈز اوئیسس، اثرا ٹاور، کڈز میوزیم اور پلازہ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ماہرین کی زیر نگرانی مختلف موضوعات پر بچوں کی رہنمائی بھی کی جائے گی۔

علاوہ ازیں آرامکو انیشیٹیو کے تحت کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر(اثرا) چلڈرن بک فیئرکا انعقاد کرے گا جو 20 سے 25 جولائی 2026 تک جاری رہے گا۔
بک فیئر میں 4 سے 14 سال کے بچوں کے لیے متنوع پروگرام ترتیب دیے جائیں گے۔

بک فیئر کا مقصد ایسا متحرک ثقافتی ماحول فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے بچوں کو کتب بینی کا شوق پیدا ہو سکے۔
اس ایونٹ میں بچوں اور نوجوانوں کے ادیب اور معروف پبلیشرز شرکت کریں گے۔ بک فیئر کے دوران 23 مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں کتابوں پر دستخط، علمی نشستیں اور انٹر ایکٹیو ورکشاپس شامل ہیں۔
