وینزویلا: زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار کے قریب، لاپتہ افراد کی تلاش جاری
وینزویلا: زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار کے قریب، لاپتہ افراد کی تلاش جاری
ہفتہ 27 جون 2026 6:35
امدادی اداروں کے مطابق ابتدائی 48 سے 72 گھنٹے زندہ افراد کو نکالنے کے لیے انتہائی اہم ہوتے ہیں (فوٹو: اے پی)
بدھ کی رات آنے والے دو لگاتار زلزلوں کے بعد جمعے کو رشتہ داروں کی تلاش کے لیے وینزویلا کے شہری خود میدان میں اتر آئے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق شہریوں کا کہنا تھا کہ سرکاری امدادی ٹیمیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس تباہی میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم 920 ہو گئی ہے جبکہ 51 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ بدھ کو آنے والے ان زلزلوں کی شدت ریکٹر سکیل پر 7.2 اور 7.5 تھی۔
امداد کی کمی نے متاثرہ خاندانوں کی بے بسی میں اضافہ کیا ہے جبکہ ہر گزرتے گھنٹے کے ساتھ ملبے تلے دبے افراد کو زندہ نکالنے کی امید کم ہوتی جا رہی ہے۔ اس سانحے کو جمعے تک قریباً دو دن ہو چکے تھے۔
امدادی اداروں کے مطابق ابتدائی 48 سے 72 گھنٹے زندہ افراد کو نکالنے کے لیے انتہائی اہم ہوتے ہیں اور خوراک اور پانی کی دستیابی کی صورت میں یہ مدت بڑھ بھی سکتی ہے۔
دوسری جانب عالمی سطح پر امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور دنیا بھر سے درجنوں ریسکیو ٹیمیں وینزویلا پہنچ رہی ہیں یا جلد پہنچنے والی ہیں۔
بے چین خاندانوں کی تلاش
شمالی وینزویلا میں خاندان اپنے پیاروں اور اپنی زندگی کے باقی ماندہ آثار کی تلاش میں عمارتوں کے کھنڈرات میں بھٹک رہے ہیں۔
نازرتھ خِمنیز اپنے عزیز کے کندھے سے لگ کر رو رہی تھیں جبکہ پڑوسی ہتھوڑوں اور مشینوں سے ملبہ ہٹانے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’یا خدا، ہم انہیں وہاں سے کیسے نکالیں گے؟‘
وہ لا گوائر میں موجود تھیں جہاں سب سے زیادہ تباہی ہوئی۔ وہ اپنے بہن بھائیوں، بھانجوں، بھتیجوں اور دوستوں کے زندہ نکل آنے کی امید میں شدید اضطراب کا شکار تھیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ ’ہم حکومت اور دنیا بھر کے ممالک سے مدد مانگ رہے ہیں۔ ہمیں ایسی مشینیں چاہییں جو تباہ شدہ ڈھانچوں کو ہٹا سکیں۔ اندر ابھی بھی لوگ زندہ ہیں۔‘
حکومتی فورسز نے متاثرین میں خوراک اور پانی تقسیم کیا جبکہ قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے کہا کہ حکومت ان ’اہم ترین لمحات‘ میں مکمل کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے عالمی امداد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ لا گوائر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ امداد ناکافی ہے۔
ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے جبکہ شہریوں نے ہزاروں افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی ہے۔
دنیا بھر سے درجنوں ریسکیو ٹیمیں وینزویلا پہنچ رہی ہیں یا جلد پہنچنے والی ہیں (فوٹو: اے پی)
جمعہ کی دوپہر تک زخمیوں کی تعداد 3,300 سے تجاوز کر گئی جبکہ 243 افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔
زلزلے سے لاکھوں افراد متاثر
بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت کے مطابق تقریباً 67 لاکھ افراد متاثر ہو سکتے ہیں، جن میں سے 20 لاکھ صرف دارالحکومت کراکس میں ہیں۔ ماہرین کے مطابق یکے بعد دیگرے آنے والے ان زلزلوں نے تباہی کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ ریڈ کراس کے ایک عہدیدار کے مطابق لوگ ابھی تک اپنے گھروں میں واپس جانے سے خوفزدہ ہیں۔
عالمی امداد روانہ
حکام کے مطابق میکسیکو، امریکہ، ایل سلواڈور، سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا سمیت مختلف ممالک سے 861 امدادی کارکن وینزویلا میں کام کر رہے ہیں جبکہ مزید ٹیمیں آنے والی ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق 25 ٹیموں پر مشتمل ایک ہزار ریسکیو اہلکار روانہ ہو چکے ہیں۔