Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن میں سب سے بڑے اجتماع کا انتظام کیسے کیا جاتا ہے؟

دستاویزی فلم میں حج نظام سے منسلک متعدد اعلٰی حکام اور ماہرین شریک ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے ’کراؤڈ انجینیئرنگ‘ پر ایک دستاویزی فلم جاری کی ہے جس میں حج سیزن کے دوران عازمین حج کی موومنٹ کے حوالے سے آپریشنل سسٹم کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق دستاویزی فلم ان کوششوں کو بھی اجاگر کرتی ہے جو لاکھوں حجاج کی مشاعر مقدسہ کے درمیان آمدورفت کو منظم بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
حج نظام میں منصوبہ بندی اور ہجوم کے انتظام کے شعبوں میں ہونے والی ترقی کو بھی نمایاں کیا گیا ہے جو مملکت کی قیادت کی مسلسل سرپرستی کا نتیجہ ہے۔
حجاج کی خدمت کے لیے کام کرنے والے حکومتی اور سروسز اداروں کے مابین ہم آہنگی کو بھی سامنے لایا گیا جو وژن 2030 کے تحت پروگرامِ خدمت کے اہداف کے مطابق ہے۔
دستاویزی فلم میں حج نظام سے منسلک متعدد اعلٰی حکام اور ماہرین شریک ہیں جن میں وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، ڈائریکٹر ادارہ امن عامہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی، کراؤڈ امور کے ماہرین ڈاکٹر بدر السلمی اور ڈاکٹر عماد فلمبان شامل ہیں۔

دستاویزی فلم میں حج سیزن کے پسِ پردہ کام کرنے والے وسیع نظام کی جھلک بھی پیش کی گئی ہے۔ رواں برس چھ دنوں کے دوران 165 سے زائد قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 17 لاکھ سے زائد حجاج ارض مقدس آئے۔
حجاج کے سفر کو کامیاب و منظم بنانے کے لیے مربوط آپریشنل پلان کام کرتا ہے۔ جس میں سرکاری اداروں، نجی شعبے اور غیرمنافع بخش تنظیموں کے 4 لاکھ 41 ہزار سے زیادہ افراد جبکہ 26 ہزار 701 رضاکار مسلسل رابطے اور ہم آہنگی سے ساتھ خدمات انجام دیتے ہیں۔

فلم میں ’تفویج‘ (گروپس کی صورت میں موومنٹ کا عمل) کو بھی اجاگر کیا گیا ہے جو حج ایام کے دوران ازدحام کو کنٹرول کرنے کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔
وزارت حج و عمرہ کے مطابق فلم کی تیاری کا مقصد حج نظام کے علمی اور انتظامی پہلوؤں کو اجاگر کرنا اور اس وسیع ادارہ جاتی کام کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے جس میں حجاج کی منظم اور محفوظ  نقل و حرکت کو منظم کیا جاتا ہے۔

 

شیئر: