سعودی عرب: 75.3 فیصد آبادی کی ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت
یہ ڈیٹا ’رقم سعودی‘ انیشیٹو کے ایک حصے کے طور پر جاری کیا گیا ہے۔( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے ’2025 میں سعودی عرب کی 75.3 فیصد آبادی نے ثقافتی ایونٹس یا سرگرمیوں میں شرکت کی ہے۔‘
ایس پی اے کے مطابق یہ رپورٹ مملکت بھر میں ثقافتی رجحان کے تسلسل اور عوامی سطح پر بڑھتی ہوئی شرکت کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ ڈیٹا ’رقم سعودی‘ انیشیٹو کے ایک حصے کے طور پر جاری کیا گیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد قومی کامیابیوں کو اجاگر کرنا، قومی فخر اور شہریت کی اقدار کو فروغ دینا، سعودی وژن 2030 کے اہداف اور پائیدار ترقی کی جانب پیش رفت کو اجاگر کرنا ہے۔
اس اقدام کے تحت سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات ہر ماہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعداد و شمار جاری کرتی ہے۔
یہ انیشیٹیو مملکت کی معاشی، سماجی اور ترقیاتی تبدیلیوں کو نمایاں کرنے کے ساتھ عوامی آگاہی بڑھانے میں بھی معاون ہے۔
اس کا ہدف سرکاری ادارے اور ان کے کلائنٹس، میڈیا پروفیشنلز اور آؤٹ لیٹس، سوشل میڈیا صارفین، کالم نگار اور بین الاقوامی کمیونٹی ہے۔ اس کا مقصد شماریاتی مواد کی اشاعت اور سرکاری ڈیٹا کے استعمال کو وسعت دینا ہے۔

یاد رہے سعودی وزارت ثقافت کی جانب سے 2024 میں مملکت کے مختلف علاقوں میں 200 سے زائد ثقافتی ایونٹس منعقد کیے گئے تھے۔
ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 9.9 ملین رہی جن میں سے 6.5 ملین افراد نے یونیسکو کے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل مقامات کا دورہ کیا۔
