Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نَتھیا گلی میں گندگی دیکھ کر جگن کاظم برہم، ’صرف یادیں اور تصاویر لے کر واپس نہ آئیں‘

جگن کاظم پاکستان کی مشہور مارننگ شو ہوسٹ ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
معروف ٹی وی میزبان جُگن کاظم نے نَتھیا گلی میں سیاحوں کی جانب سے پھیلائی گئی گندگی پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قدرتی مقامات کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے اپنا کچرا خود مناسب جگہ پر تلف کریں۔
جگن کاظم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں نَتھیا گلی کے ایک ٹریک پر پلاسٹک بیگز، کھانے پینے کے ریپرز، سٹائروفوم کپ اور دیگر کچرا بکھرا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
ویڈیو میں انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ کیا ہو رہا ہے؟ میں نَتھیا گلی میں جہاں بھی جاتی ہوں، یہی صورتحال نظر آتی ہے۔‘
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر لوگوں کے پاس پلاسٹک بیگز موجود تھے تو وہ اپنا کچرا ان میں جمع کرکے قریبی ڈسٹ بن تک کیوں نہیں لے گئے۔
جگن کاظم کا کہنا تھا کہ ’ہم اکثر ملک کی حالت پر تنقید کرتے ہیں اور سوال کرتے ہیں کہ حالات کب بہتر ہوں گے، لیکن اگر ہم اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے کی بنیادی ذمہ داری بھی پوری نہیں کر سکتے تو تبدیلی کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، غیر معمولی موسم اور ماحولیاتی مسائل پر بہت بات کی جاتی ہے، لیکن ماحول کو آلودہ کرنے اور جگہ جگہ کچرا پھینکنے کی عادت بھی ان مسائل میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ جب بھی کسی خوبصورت سیاحتی مقام پر جائیں تو صرف یادیں اور تصاویر ہی ساتھ لے کر واپس نہ آئیں بلکہ اپنا کچرا بھی اپنے ساتھ لے جائیں یا مناسب جگہ پر تلف کریں۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
واضح رہے کہ پاکستان کے شمالی اور پہاڑی علاقوں کے رہائشی طویل عرصے سے اس شکایت کا اظہار کرتے آ رہے ہیں کہ بعض سیاح قدرتی مقامات پر گندگی پھیلا کر ماحول کو نقصان پہنچاتے ہیں، جس سے نہ صرف علاقے کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے بلکہ ماحولیاتی مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔

شیئر: