Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اور چینی وزرائے خارجہ کی ملاقات، خطے میں کشیدگی کی کمی کی کوششوں کا جائزہ

میری ٹائم سکیورٹی اور فریڈم آف نیویگیشن کی اہمیت پر زور دیا گیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کو بیجنگ کے سٹیٹ گیسٹ ہاوس میں چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات کی۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور چین کے درمیان سٹرٹیجک تعلقات کا جائزہ اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات کی، خصوصا خطے میں حالیہ ڈیولپمنٹ، کشیدگی میں کمی، سکیورٹی اور استحکام بڑھانے کی کوششیں شامل ہیں۔
آبنائے ہرمز اور بین الاقوامی آبی گزر گاہوں میں میری ٹائم سکیورٹی اور فریڈم آف نیویگیشن کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ توانائی، صنعت، سپلائی چین اور جدید ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں شراکت داری مضبوط بنانے پر بات کی گئی جو وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔

عرب نیوز کے مطبق چینی وزیر خارجہ نے ملاقات کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا مومینٹم برقرار رکھنے پر زور دیا۔
چینی وزیرخارجہ کا کہنا تھا ’موجودہ جنگ بندی اب بھی نازک ہے تاہم لڑائی سے بات چیت اور محاذ آرائی سے مکالمہ بہتر ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ’ بیجنگ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور دیرپا امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔‘

اس موقع پر چین میں مملکت کے سفیر عبدالرحمن بن احمد الحربی، وزارت کے انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امور ڈاکٹر سعود بن محمد الساطی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ولید بن عبدالحمید السماعیل بھی موجود تھے۔

 

شیئر: