آؤٹ ڈور تفریح اور قدرتی حُسن کے اِمتزاج، الباحہ میں ’لیونڈر واک وے‘ سیاحوں کی توجہ کا مرکز
واک وے پر تھامہ سیکٹر اور الباحہ کی ڈھلانیں بھی دکھائی دیتی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ ریجن کی بلدیہ نے رغدان پارک کی تزئین و آرائش کے منصوبے کے تحت ’لیونڈر واک وے‘ تعمیر کیا ہے جو الباحہ سمر سیزن میں آؤٹ ڈور تفریح اور قدرتی حُسن کے اِمتزاج سے سیاحوں کا من پسند مقام بن گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سات سو میٹر طویل یہ راستہ، ویو پوائنٹ 2 کو ’لیونڈر گارڈن‘ سے ملا دیتا ہے۔منصوبے میں اِن واک ویز پر خصوصی ضروریات کے حامل افراد کی رسائی کو آسان بنانے کے لیے بھی انتظامات شامل ہیں۔
منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ اِس میں خوبصورت مناظر والے کئی عوامی مقامات ہیں، بیٹھنے کے لیے نشستیں، لکڑی کی سجاوٹ والی باڑ اور وسیع پیمانے پر روشنی کا انتظام ہے جو دن اور رات کے اوقات میں یہاں کے ماحول کو انتہائی پُرکشش بنا دیتا ہے۔
یہ واک وے، جس پر اگر آپ چل رہے ہوں تو آپ کو تھامہ سیکٹر اور الباحہ کی ڈھلانیں بھی دکھائی دیتی ہیں، سدا بہار جونیپر یا عرعر کے درختوں اور کوہساروں کی دلکشی میں گھِرا ہُوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فوٹی گرافی کرنے والے اور چلنے پھرنے کے شوقین افراد کو یہ واک وے بہت لُبھاتا ہے۔
اِس منصوبے سے الباحہ کی بلدیہ کی اُن کوششوں کو معاونت ملتی ہے جو میعارِ زندگی کو بلند کرنے، سبزے میں اضافے، تفریحی مقامات کو وسعت دینے اور یہاں رہنے والوں اور سیاحوں کے لیے صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے جا رہی ہیں۔