بحیرہ عرب میں امریکی ہیلی کاپٹر کو حادثہ، ایک اہلکار لاپتہ
جمعرات 2 جولائی 2026 6:11
یہ ہیلی کاپٹر یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش ایئرکرافٹ کیریئر پر تعینات تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بحیرہ عرب میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران امریکی سی ہاک ایم ایچ 60 ایس ہیلی کاپٹر ہنگامی لینڈنگ کے دوران گر گیا جس کے بعد ایک امریکی فوجی اہلکار لاپتہ ہے جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے ہیں، لیکن ان کی حالت مستحکم ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی فوج نے کہا کہ اس حادثے کے دشمنانہ کارروائی سے تعلق ہونے کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔
امریکی بحریہ کے 5ویں بیڑے نے کہا کہ ’خطے میں موجود امریکی بحری اثاثے اس وقت لاپتہ فضائی عملے کی تلاش کر رہے ہیں۔ واقعے کی وجہ کی تحقیقات جاری ہیں۔‘
یہ ہیلی کاپٹر یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش ایئرکرافٹ کیریئر پر تعینات تھا۔
خطے میں امریکی افواج بھی ہائی الرٹ پر ہیں کیونکہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے دوران وقفے وقفے سے تشدد کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔
