Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بحرینی ہم منصب ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی سے ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے جمعرات کو اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور بحرین کے دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا اور دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطح کے رابطوں میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں، بالخصوص تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو نیا فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس کے علاوہ کثیرالجہتی عالمی و علاقائی فورمز پر باہمی روابط اور تعاون کو مزید وسعت دینے کی حکمتِ عملی پر بھی غور کیا گیا۔
بیان کے مطابق ’ملاقات میں علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر خاص زور دیا گیا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے صرف مذاکرات اور سفارت کاری ہی سب سے موثر اور قابلِ عمل راستے ہیں۔‘

شیئر: