Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران نے آبنائے ہُرمز پر امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرایا، امریکہ کو جواب دینا ہو گا: صدر ٹرمپ

صدر ٹرمپ کے مطابق ’ہیلی کاپٹر میں موجود دونوں پائلٹس محفوظ رہے اور انہیں کوئی چوٹ نہیں آئی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’ایران نے آبنائے ہُرمز میں گشت کرنے والے ایک امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے، اور اس کا جواب دیا جائے گا،‘ تاہم انہوں نے اس واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ پر لکھا کہ ’مجھے عظیم فوج نے اطلاع دی ہے کہ گذشتہ رات ایرانیوں نے آبنائے ہُرمز کے اوپر گشت کرنے والے ہمارے انتہائی جدید اپاچی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ’ہیلی کاپٹر میں موجود دونوں امریکی پائلٹس محفوظ رہے اور انہیں کوئی چوٹ نہیں آئی، تاہم اس کے باوجود امریکہ کے لیے اس حملے کا جواب دینا ضروری ہو گا۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان نے 8 اپریل کو امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کے بعد معاہدے کے امکانات کو مزید غیر یقینی بنا دیا ہے۔
پیر کو اسرائیل اور ایران نے کہا تھا کہ وہ ایک دوسرے پر حملے روک دیں گے، دونوں ممالک کی جانب سے یہ اعلان صدر ٹرمپ کی اپیل کے بعد سامنے آیا تھا۔
تاہم ایران نے خبردار کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ اگر اسرائیل نے لبنان میں اُس کے اتحادی حزب اللہ پر حملے جاری رکھے تو وہ دوبارہ کارروائی شروع کر دے گا۔
امریکی فوج نے روئٹرز کو بتایا کہ پہلی مرتبہ امریکی بحریہ کے بغیر پائلٹ کے ایک ڈرون نے عمان کے ساحل کے قریب تباہ ہونے والے اپاچی ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹس کو تلاش کر کے بچایا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایک بیان میں بتایا کہ ’اپاچی (اے ایچ 64) ہیلی کاپٹر مقامی وقت کے مطابق منگل کی صبح قریباً 3 بجے سمندر میں گرا تھا۔‘
سینٹ کام نے بیان میں مزید کہا کہ دونوں پائلٹس کو قریباً دو گھنٹوں کے اندر محفوظ طریقے سے ریسکیو کر لیا گیا اور اُن کی حالت ’مستحکم‘ ہے۔

سینٹ کام کے مطابق دونوں پائلٹس کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کر لیا گیا اور اُن کی حالت ’مستحکم‘ ہے (فائل فوٹو: اے پی)

بیان میں اس حوالے سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جاری ہیں۔‘
دوسری جانب تہران میں ایرانی فضائی دفاع کے دو اہلکاروں کی تدفین کی تیاریاں کی جا رہی ہیں جو ایک روز قبل اسرائیل کے فضائی حملوں میں مارے گئے تھے۔ اسرائیل میں ایرانی حملوں کے بعد کسی شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں اپنے ’آخری مراحل‘ میں ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’ہم ایک ایسے معاہدے کے آخری مراحل میں ہیں جو بہت، بہت اچھا معاہدہ ثابت ہوگا۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ معاہدہ چند دنوں میں طے ہو جائے گا یا چند ہفتوں میں، تو انہوں نے جواب دیا کہ ’دو یا تین دن میں۔‘

شیئر: