سپورٹس بولیواڈ: منصوبے کی تکمیل کے لیے 200 الیکٹرک ٹاورز کیسے ہٹائے گئے؟
دستاویزی فلم میں بجلی کے ٹاورز اور کیبلز کو ہٹانے کے مناظر کو اجاگر کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سپورٹس بولیواڈ پروجیکٹ نے ’رکاوٹوں سے خالی راستہ‘ کے عنوان سے ایک دستاویزی فلم جاری کی ہے جس میں شہزادہ محمد بن سلمان روڈ کے ساتھ بجلی کے ٹاورز اور کیبلز کو ہٹانے کے مناظر کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق اس اقدام کو منصوبے کی ترقی اور ریاض میں کوالٹی آف لائف پروگرام کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا ہے۔
منصوبے میں شریک متعدد انجینیئرز نے بتایا کہ ’بجلی کے ٹاورز کی منتقلی اور انہیں ہٹانا سپورٹس بولیواڈ کی تعمیر کے لیے بنیادی شرط تھی، اس منصوبے کا مقصد ریاض کے مشرق اور مغرب کو رہائشی علاقوں کے قریب ایک محفوظ، مسلسل اور جدید سپورٹس کوریڈور کے ذریعے آپس میں جوڑنا ہے۔‘
سپورٹس بولیواڈ کے اس حصے پر کام غیرمعمولی نوعیت کا تھا۔ یہ علاقہ انتہائی محدود جگہ پر مشتمل ہے اور رہائشی آبادیوں کے درمیان ہونے کی وجہ سے مختلف نوعیت کی سروسز کی فراہمی کا جال بچھا ہوا ہے۔
بعض مقامات پر سروسز کے درمیان فاصلہ 50 میٹر سے بھی کم تھا۔ پہلے مرحلے میں متبادل زیرِ زمین نیٹ ورک قائم کیا گیا، بعد ازاں بجلی کے ٹاورز کو ہٹانے کا آغاز کیا گیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان روڈ پر 200 سے زائد بجلی کے ٹاورز ہٹائے گئے۔ یہ سڑک گزشتہ چار دہائیوں سے ان ٹاورز کی موجودگی کے باعث مقامی آبادی میں ’شارع الابراج‘ یعنی ٹاورز والی سڑک کے نام سے جانی جاتی تھی۔
انجینیئرز کا کہنا ہے کہ ’منصوبے کے ہرمرحلے میں حفاظتی اقدامات کو اولین ترجیح دی گئی خصوصاً اس لیے کہ بعض ٹاورز کا وزن چار ٹن سے بھی زیادہ تھا۔ معمولی سی غلطی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی تھی۔‘
یاد رہے سپورٹس بولیواڈ منصوبہ ریاض شہر کے بڑے ترقیاتی منصوبوں میں سے ایک ہے جس کا آغاز شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 19 مارچ 2019 میں کیا تھا۔

منصوبے کا مقصد ریاض شہر کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دینا ہے جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے۔
منصوبے میں واکنگ اور سائیکلنگ ٹریکس کے علاوہ گھڑ سواری کے لیے بھی خصوصی راستے بنائے گئے ہیں۔
