تازہ کھجوروں کی خریداری کا بہترین وقت کون سا ہوتا ہے؟
قصیم میں کھجور کی مجموعی پیداوار میں سب سے بڑا حصہ سکری کا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
مملکت میں موسمِ گرما کی آمد کے ساتھ ہی قصیم ریجن کے نخلستانوں میں کھجور کی ابتدائی فصل پک کر تیار ہونے لگی ہے جو مملکت کے اہم ترین زرعی سیزن میں سے ایک کا آغاز ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق قصیم ریجن کے مختلف شہروں اور کمشنریوں میں موجود نخلستانوں میں مختلف اقسام کی کھجور پکنے کے ساتھ ہی ان کی مارکیٹنگ میں بھی تیزی آ رہی ہے۔
کھجوروں کی کاشت سے وابستہ عبدالعزیز التویجری کا کہنا ہے کہ ’کھجور کے درخت کی دیکھ بھال سارا سال جاری رہتی ہے۔ زرعی پروگرام تقریباً 16 مراحل پر مشتمل ہوتا ہے جس کا آغاز گزشتہ سیزن کی فصل کے ختم ہونے کے ساتھ ہو جاتا ہے۔
سابقہ فصل اتارنے کے بعد نئی فصل کی تیاری کے لیے درخت کی کاٹ چھانٹ کی جاتی ہے، آبپاشی، کھاد اور سپرے کرنا اہم امور میں شامل ہے۔ علاوہ ازیں پھل کو تیز دھوپ اور موسمی اثرات سے محفوظ رکھنے کا عمل شروع کیا جاتا ہے جو پیداوار کے پکنے تک جاری رہتا ہے۔
سالِ رواں کی پیداوار کے حوالے سے بدالعزیز التویجری نے بتایا کہ ’ابتدائی اندازوں کے مطابق اس سال پیداوار حوصلہ افزا رہنے کے قوی امکانات ہیں۔‘

قصیم ریجن میں کھجور کی 137 سے زیادہ اقسام پائی جاتی ہیں جن میں متعدد نایاب اقسام شامل ہیں جبکہ کچھ اقسام بیرون ملک سے لاکر مقامی ماحول سے ہم آہنگ کی گئی ہیں اور بعض نئی اقسام زرعی تحقیق و جدید طریقوں سے تیار کی گئی ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق قصیم ریجن میں کھجور کی مجموعی پیداوار میں سب سے بڑا حصہ سکری کا ہے جو 76 فیصد ہے جبکہ مجدول، صقعی اور خلاص بھی نمایاں اقسام میں شامل ہیں۔

قصیم میں نایاب اقسام کی کٹائی ہر برس یکم جولائی سے شروع ہوتی ہے جبکہ دیگر اقسام کی کٹائی 10 جولائی سے شروع کی جاتی ہے۔ سکری کھجور کی کٹائی 20 جولائی سے شروع کی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق یکم سے 20 اگست کے درمیان کا عرصہ کھجوریں خریدنے کا بہترین دورانیہ ہوتا ہے کیونکہ اس دوران اعلٰی معیار کی تازہ فصل بڑی مقدار میں مارکیٹ میں لائی جاتی ہے۔
