Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمارۃ الحرمین الشریفین نمائش: مسجد نبوی کی تاریخی گھڑی توجہ کا مرکز

نمائش میں تاریخی گھڑی سمیت متعدد نادر و نایاب اشیا موجود ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میں عمارۃ الحرمین الشریفین نمائش میں موجود تاریخی گھڑی زائرین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
اس گھڑی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ سال ہجری 1277 بمطابق 1860عیسوی میں مسجد نبوی میں استعمال کی جاتی تھی۔
ایس پی اے کے مطابق یہ گھڑی مسجد نبوی میں 13ویں صدی ہجری کے دوران استعمال کی جاتی رہی تھی۔ اس گھڑی کا شمار اہم تاریخی ورثے میں ہوتا ہے۔
نمائش کی انتظامیہ کا کہنا ہے اس قسم کی مکینیکل گھڑیوں کا جدید الیکٹرونک نظام متعارف ہونے سے پہلے مسجد نبوی کے انتظامی امور اور نمازوں کے اوقات کے تعین میں اہم کردار تھا۔
عمارۃ الحرمین شریفین نمائش میں اس تاریخی گھڑی سمیت متعدد نادر و نایاب اشیا موجود ہیں جو مختلف ادوار میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی خدمت، توسیع اور تعمیر و آرائش کی تاریخ کی عکاسی کرتی ہیں۔

یہ نوادرات اس بات کی بھی عکاسی کرتے ہیں کہ حرمین شریفین کی دیکھ بھال ہر دور میں خصوصی اہمیت کی حامل رہی ہے جبکہ موجودہ سعودی دور میں اس سلسلے کو مزید وسعت دی گئی ہے۔
نمائش میں خانہ کعبہ کے قدیم دروازے، مختلف ادوار کے غلافِ کعبہ کے حصے، حرمین کو روشن کرنے والے فانوس، سنگ مرمر کے ستون، خانہ کعبہ کو غسل دینے والا سامان، نایاب مخطوطات، تعمیراتی ماڈلز اور دیگر فنی و انجینیئنرنگ کے نوادرات بھی موجود ہیں جو صدیوں کے دوران حرمین شریفین کی تعمیراتی تاریخ کو اجاگر کرتے ہیں۔
نمائش کا مقصد زائرین کو حرمین شریفین کی تاریخ، ان کی توسیع اور تعمیر کے مختلف مراحل سے روشناس کرانا ہے۔

نمائش ایک اہم ثقافتی مرکز کی حیثیت رکھتی ہے جہاں زائرین کو حرمین شریفین سے وابستہ نادر تاریخی ورثے اور ان کی خدمت کے لیے مختلف ادوار میں کی جانے والی کوششوں سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔
سعودی دورِ حکومت میں حرمین شریفین کی تاریخ کے سب سے بڑے توسیعی منصوبوں اور جدید سہولتوں نے لاکھوں زائرین کے لیے عبادات کی ادائیگی کو مزید آسان، محفوظ اور پرسکون بنایا ہے۔

 

شیئر: